مودی نے ممبئی میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-12-2025
مودی نے ممبئی میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا
مودی نے ممبئی میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز ممبئی کے باندرہ ویسٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آنے والے ہولناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس حادثے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیرِ اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ممبئی کے باندرہ میں پیش آئے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع سے بے حد افسردہ ہوں۔ جن لوگوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے، ان سے دلی تعزیت۔ زخمی افراد جلد از جلد صحت یاب ہوں: وزیرِ اعظم نریندر مودی۔
یہ حادثہ پیر کی رات اس وقت پیش آیا جب بریہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ  کی ایک بس باندرہ ویسٹ میں پیدل چلنے والوں کو کچلتی ہوئی نکل گئی۔ حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اس سے قبل مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے بھی اس جان لیوا حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔
وزیرِ اعلیٰ فڈنویس نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ممبئی کے باندرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آنے والے اس المناک حادثے میں چار افراد کی جان چلی جانا انتہائی افسوسناک ہے۔ میں انہیں دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اس واقعے میں نو افراد زخمی ہوئے ہیں اور میں خدا کے حضور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ ریاستی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے گی۔
ممبئی پولیس کے مطابق، بس کے ڈرائیور کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے اور حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممبئی کے ڈی سی پی ہیمرج سنگھ راجپوت نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم چار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، جبکہ نو زخمیوں میں آٹھ مرد اور ایک خاتون ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے میں شامل بس کا معائنہ کیا جائے گا تاکہ کسی بھی مکینیکل یا تکنیکی خرابی کا پتہ چل سکے۔ مکمل جانچ کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔