مودی نے آندھرا پردیش کے بس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
مودی نے آندھرا پردیش کے بس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا
مودی نے آندھرا پردیش کے بس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اللوری سیتا راما راجو  میں بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور وزیراعظم قومی امدادی فنڈ  سے ہر متوفی کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔
اے ایس آر کے ضلع کمشنر دنیش کمار کے مطابق آندھرا پردیش کے چنٹور اور بھدرآچلم کے درمیان گھاٹ روڈ پر بس کے الٹنے سے کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے۔
ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے لکھا گیا کہ آندھرا پردیش کے اللوری سیتا راما راجو ضلع میں بس حادثے میں جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس ہے۔ اس مشکل وقت میں میری ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔
مزید کہا گیا کہ پی ایم این آر ایف سے ہر متوفی کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے: وزیراعظم"۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے بھی حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نائیڈو نے لکھا کہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اللوری سیتا راما راجو کے چتور ضلع کے قریب ایک نجی بس کے حادثے نے ہمیں گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔ یہ افسوس ناک ہے کہ اس حادثے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ میں نے حکام سے بات کرکے واقعے کی معلومات حاصل کیں اور متاثرین کو فراہم کی جانے والی امداد کا جائزہ لیا۔ میں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ حکومت ان خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جنہوں نے اپنے عزیز کھوئے ہیں۔
اے ایس آر ضلع کمشنر کے مطابق حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے بھدرآچلم اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کی وجہ اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی کارروائی جاری ہے۔