نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز این رنگاسوامی کو پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی فلاح و ترقی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے رنگاسوامی کے انتظامی تجربے اور پڈوچیری کی ترقی میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر جناب این رنگاسوامی کو مبارکباد۔ اپنے وسیع تجربے کے ساتھ انہوں نے ایک قابل منتظم کے طور پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور پڈوچیری کی ترقی کے سفر کو مضبوط بنایا ہے۔ میں عوامی فلاح کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا بے صبری سے منتظر ہوں۔ میری نیک تمنائیں ہیں کہ ان کی مدتِ کار شاندار ثابت ہو۔
اس سے قبل دن میں آل انڈیا این آر کانگریس کے بانی این رنگاسوامی نے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی کامیابی کے بعد پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر کے کیلاش ناتھن نے حلف برداری تقریب کے دوران رنگاسوامی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین اور دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔
عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد رنگاسوامی نے پڈوچیری کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئی این ڈی اے حکومت عوامی فلاحی اسکیموں کو مزید مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے کام کرے گی۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے تمام ضروری اسکیموں کو زیادہ مؤثر انداز میں نافذ کرنا ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم یقیناً اس ذمہ داری کو بہترین طریقے سے نبھائیں گے۔
انہوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی ترقی کے حوالے سے اپنا وژن بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پڈوچیری کو شاید سنگاپور جیسا ترقی یافتہ بنانے جا رہے ہیں۔یہ حلف برداری تقریب 4 مئی کو پڈوچیری اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد منعقد ہوئی، جس میں قومی جمہوری اتحاد نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دوبارہ اقتدار حاصل کیا۔