مودی نے الموڑہ بس حادثہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-12-2025
مودی نے الموڑہ بس حادثہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا
مودی نے الموڑہ بس حادثہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز اتراکھنڈ کے الموڑا ضلع میں پیش آئے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس حادثے میں ایک بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں چھ سے سات افراد کی موت کی اطلاع ہے۔ وزیرِ اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اتراکھنڈ کے الموڑا ضلع میں بس حادثے کے باعث جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک ہے۔
پی ایم او نے کہا کہ اتراکھنڈ کے الموڑا ضلع میں بس حادثے کے باعث جانوں کا ضیاع انتہائی دل خراش ہے۔ اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے دلی تعزیت۔ دعا ہے کہ زخمی افراد جلد از جلد صحت یاب ہوں۔
اس سے قبل، اتراکھنڈ کے الموڑا ضلع میں ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک نجی بس سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملبے میں پھنسے مسافروں کو نکالنے اور انہیں قریبی طبی مراکز تک پہنچانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ مقامی پولیس نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
ایس ڈی آر ایف سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، بھیکیا سین سے رام نگر جانے والی مسافر بس میں تقریباً 17 سے 18 مسافر سوار تھے۔ معلومات کے مطابق حادثے میں 6 سے 7 افراد کے موقع پر ہی ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ دیگر زخمی مسافروں کو علاج کے لیے بھیکیا سین کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس افسوسناک واقعے کو ’’تکلیف دہ‘‘ اور ’’دل دہلا دینے والا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھیکیا سین-ونایک موٹر روڈ پر بس حادثے میں مسافروں کی ہلاکت کی نہایت افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ یہ واقعہ انتہائی تکلیف دہ اور دل خراش ہے۔ ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ جاں بحق افراد کی روحوں کو ابدی سکون عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو حوصلہ دے۔ زخمی مسافروں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا جا رہا ہے۔ پورے معاملے پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔