نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو عالمی سطح پر امن اور مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے ایک متحد آواز اٹھانے کی اپیل کی، کیونکہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع تجارت، توانائی کی سپلائی کو متاثر کر رہا ہے اور خلیجی ممالک میں رہنے والے لاکھوں ہندوستانیوں کی سلامتی پر بھی اثر ڈال رہا ہے۔
راجیہ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جنگ شروع ہوئے تین ہفتوں سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ اس جنگ نے دنیا میں سنگین توانائی بحران پیدا کر دیا ہے۔ ہندوستان کے لیے بھی یہ صورتحال تشویشناک ہے۔ جنگ نے ہمارے تجارتی راستوں کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث پیٹرول، ڈیزل، گیس اور کھاد کی معمول کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے بتایا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے وہ خطے کے کئی رہنماؤں سے متعدد بار فون پر بات چیت کر چکے ہیں اور خلیجی ممالک، ایران، اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً ایک کروڑ ہندوستانی خلیجی ممالک میں رہتے اور کام کرتے ہیں، اور ان کی جان و مال کی حفاظت بھی ہمارے لیے بڑی تشویش کا باعث ہے۔ دنیا بھر کے کئی جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں، جن پر بڑی تعداد میں ہندوستانی عملہ موجود ہے، جو ہمارے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ ایسی مشکل صورتحال میں ضروری ہے کہ ہندوستان کی پارلیمنٹ کے اس ایوانِ بالا سے پوری دنیا کے لیے امن اور مذاکرات کا ایک متحد پیغام جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک میں نے مغربی ایشیا کے بیشتر ممالک کے سربراہان سے دو مرحلوں میں فون پر بات چیت کی ہے۔ ہم تمام خلیجی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ایران، اسرائیل اور امریکہ سے بھی رابطہ برقرار ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی ایشیا کے تنازع کے دوران حکومت اپنے شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 3,75,000 سے زیادہ ہندوستانیوں کو بحفاظت واپس لایا جا چکا ہے، جن میں ایران سے ایک ہزار سے زائد افراد شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں انسانی جانوں کو کوئی بھی خطرہ انسانیت کے مفاد میں نہیں ہے، اسی لیے ہندوستان تمام فریقوں کو جلد از جلد پرامن حل تلاش کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ بحران کے وقت ملک کے اندر اور بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 3,75,000 سے زیادہ ہندوستانی بحفاظت واپس آ چکے ہیں۔ صرف ایران سے ہی ایک ہزار سے زائد ہندوستانی واپس آئے ہیں، جن میں 700 سے زیادہ طلبہ شامل ہیں جو میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان سفارتی ذرائع کے ذریعے جنگی حالات میں بھی اپنے جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کیا ہے۔مغربی ایشیا میں جاری تنازع اب چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی راستے متاثر ہو رہے ہیں۔ کشیدگی اس وقت بڑھی جب 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت ہوئی۔
جوابی کارروائی میں ایران نے کئی خلیجی ممالک میں اسرائیلی اور امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس سے آبی راستے مزید متاثر ہوئے اور عالمی توانائی منڈیوں اور معیشت پر بھی اثر پڑا۔ادھر عرب نیوز نے اسرائیلی میڈیا ادارے یدیعوت آحرونوت کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار تھے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی ثالث اسٹیو وٹکوف کے درمیان بات چیت ہوئی، جسے ایران کی اعلیٰ ترین قیادت کی منظوری حاصل تھی۔