مودی نے دہلی میں پونگل تقریب میں شرکت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-01-2026
مودی نے دہلی میں پونگل تقریب میں شرکت کی
مودی نے دہلی میں پونگل تقریب میں شرکت کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز قومی دارالحکومت میں پونگل کی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ فطرت کے ساتھ ہم آہنگ توازن کا پیغام دینے والا یہ تہوار اب عالمی شکل اختیار کر چکا ہے اور دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہاں مرکزی وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات ایل مروگن کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس تقریب میں وزیراعظم مودی کی موجودگی کو تمل ناڈو کے عوام سے رابطہ مضبوط کرنے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں آئندہ چند مہینوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس پروگرام میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پراشکتی‘ کے فنکاروں سمیت تمل سماج کی کئی معروف شخصیات بھی شامل ہوئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس تہوار میں کسانوں کی محنت کا جشن منایا جاتا ہے اور زمین اور سورج کے تئیں شکرگزاری کا اظہار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پونگل کا تہوار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ شکرگزاری صرف الفاظ تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اسے ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بننا چاہیے۔ جب زمین ہمیں اتنا کچھ دیتی ہے تو ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس کی حفاظت کریں اور اسے سنبھال کر رکھیں۔
اس پروگرام میں کئی مرکزی وزرا، اعلیٰ افسران اور سماج کے مختلف طبقوں کے لوگ موجود تھے، جن میں نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور رام موہن نائیڈو شامل تھے۔
تمل فلم ’پراشکتی‘ کے اداکار شیو کارتکیئن اور روی موہن، نیز موسیقار جی وی پرکاش کمار سمیت فلم سے وابستہ دیگر افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں تمل برادری اور تمل ثقافت کو سنبھالنے والے لوگ بڑے جوش و خروش کے ساتھ پونگل مناتے ہیں اور ان کے درمیان آ کر انہیں فخر کا احساس ہو رہا ہے۔ مودی نے کہا کہ تمل ثقافت دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے، جس میں صدیوں کی دانش اور روایت شامل ہے جو تاریخ سے سبق لے کر مستقبل کی راہ دکھاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ورثے سے تحریک لے کر آج کا ہندوستان اپنی ثقافتی جڑوں سے طاقت حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ پونگل کے اس مبارک موقع پر ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہندوستان کو آگے لے جانے والی یقین اور اتحاد کی روح اس کی ثقافت سے گہرائی سے جڑی ہوئی ہے اور اس دھرتی کے لیے بے پناہ احترام رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پونگل کا تہوار فطرت، خاندان اور سماج کے درمیان ہم آہنگ توازن قائم رکھنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مٹی کی صحت برقرار رکھنا، پانی کا تحفظ کرنا اور آنے والی نسلوں کے لیے وسائل کا دانشمندانہ استعمال بے حد ضروری ہے۔ مشن ’لائف‘، ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ اور ’امرت سروور‘ جیسی پہل اسی سوچ پر مبنی ہیں اور ہمیں ان اقدار کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔’
مودی نے کہا کہ پونگل ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ فطرت کے تئیں شکرگزاری صرف الفاظ تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج پونگل ایک عالمی تہوار بن چکا ہے۔ پچھلے سال مجھے تمل ثقافت سے جڑے کئی پروگراموں میں شرکت کا موقع ملا، جو نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کی مشترکہ وراثت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمل ثقافت میں کسان کو زندگی کی بنیاد مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا،
‘‘تروکُرل (تمل شاعری) میں زراعت اور کسانوں کی اہمیت کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔
اس سے قبل تمل ناڈو کے عوام اور دنیا بھر میں رہنے والی تمل برادری کو پونگل کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے تمل اور انگریزی زبان میں لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ پونگل اُن تمام لوگوں کے تئیں شکرگزاری کا موقع بھی ہے جو اپنی محنت سے ہماری زندگی کو خوشحال بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیارے ہم وطنو، وَنکّم (نمستے)! پونگل کے مبارک موقع پر میں آپ کو اور آپ کے خاندان کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ خاص تہوار ہمیں انسانی محنت اور فطرت کے درمیان گہرے رشتے کی یاد دلاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تہوار زراعت، محنتی کسانوں، دیہی زندگی اور کام کی عزت سے گہرائی سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان روایتی پکوان بنانے اور خوشیاں بانٹنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں، جس سے رشتے مضبوط ہوتے ہیں اور اتحاد کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک، تمل، ہمارے ملک میں پیدا ہوئی۔ پونگل کو ایک عالمی تہوار کے طور پر ابھرتے دیکھنا خوشی کی بات ہے۔ تمل ناڈو میں، ہندوستان کے مختلف حصوں میں اور دنیا بھر میں بسنے والی تمل برادری اس تہوار کو پورے جوش کے ساتھ مناتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب کو ایک بار پھر پونگل کی دلی مبارکباد۔ یہ تہوار سب کی زندگی میں خوشحالی، کامیابی اور اچھی صحت لائے۔ تمل ناڈو میں اس سال اسمبلی انتخابات سے قبل وزیراعظم کی تمل برادری کے درمیان موجودگی کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
بعد ازاں اداکار شیو کارتکیئن نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہمیشہ عزت اور خوشی کا باعث ہوتی ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ دہلی میں پونگل کا جشن ملک کی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ ساتھی اداکار روی موہن نے کہا کہ وہ وزیراعظم مودی کی شخصیت سے بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے ہمارا استقبال کیا اور کہا کہ یہاں آ کر انہیں بہت اچھا لگ رہا ہے۔
موہن نے ایل مروگن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’پراشکتی‘ کی ٹیم کو دہلی میں وزیراعظم کے ساتھ پونگل کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی، اور یہ تمام تمل لوگوں کے لیے بڑے اعزاز کی بات تھی کہ قومی دارالحکومت میں اتنی خوبصورت تقریب منعقد ہوئی۔
موسیقار جی وی پرکاش کمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ‘تیروواسگم کی پیشکش آج دہلی میں پونگل-2026 کی تقریب کے دوران ہمارے معزز وزیراعظم نریندر مودی اور (مرکزی وزیر) ایل مروگن کے سامنے کی گئی۔
فلم ’پراشکتی‘ کی کہانی 1960 کی دہائی میں تمل ناڈو میں مبینہ طور پر ہندی ’’مسلط کیے جانے‘‘ کے خلاف ہونے والے احتجاجات کے پس منظر پر مبنی ہے۔ کانگریس کی تمل ناڈو یونٹ نے فلم میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے کردار کشی پر اعتراض بھی ظاہر کیا ہے۔