نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو متحدہ عرب امارات، نیدرلینڈز، سویڈن، ناروے اور اٹلی کے پانچ ملکی دورے مکمل کرنے کے بعد دہلی ہوائی اڈے پہنچ گئے۔وزیر اعظم کے دورے کا آخری پڑاؤ اٹلی تھا، جہاں انہوں نے اٹلی کی وزیر اعظم جورجیا میلونی کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کیے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو "خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری" کی سطح تک بلند کرنے کا اعلان کیا۔
اٹلی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مودی نے کہا کہ ان کی جورجیا میلونی کے ساتھ مختلف شعبوں پر وسیع تبادلۂ خیال ہوا، جس سے ہندوستان اور اٹلی کے درمیان تعاون کو نئی رفتار ملے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس دورے کا ایک اہم نتیجہ یہ رہا کہ ہم نے ہندوستان اور اٹلی کے تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری تک لے جانے کا فیصلہ کیا، جو آنے والے برسوں میں ہمارے باہمی تعاون کو نئی توانائی فراہم کرے گا۔
دورے کے دوران مودی نے ایک ایسے لمحے کی جھلک بھی شیئر کی جو سوشل میڈیا پر خاصی بحث کا موضوع بن گیا۔ اس موقع پر انہوں نے جورجیا میلونی کو "میلوڈی" ٹافیوں کا ایک پیکٹ تحفے میں دیا، جسے "میلوڈی مومنٹ" کا نام دیا گیا۔وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال اور روس-یوکرین تنازع شامل تھے۔
وزارت خارجہ میں سیکریٹری (مغربی امور) سبی جارج نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی، سائنس و ٹیکنالوجی، تحقیق و اختراع، توانائی، خلائی شعبہ، مصنوعی ذہانت، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بھی دستخط کیے گئے، جن کا تعلق دفاع، رابطہ کاری، زراعت، روایتی طب، تعلیم، نقل و حرکت اور اہم ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں سے ہے۔سبی جارج نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک نے 2029 تک دوطرفہ تجارت کو 20 ارب یورو تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس میں اس سال کے آغاز میں مکمل ہونے والے ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات بھی معاون ثابت ہوں گے۔
اٹلی میں دورے کے اختتام سے قبل وزیر اعظم مودی نے متحدہ عرب امارات، نیدرلینڈز، سویڈن اور ناروے کا بھی دورہ کیا تھا، جو ان کے پانچ ملکی سفارتی رابطہ مہم کا حصہ تھا۔ذرائع کے مطابق وطن واپسی کے بعد وزیر اعظم مودی جمعرات شام 5 بجے قومی دارالحکومت میں واقع سیوا تیرتھ میں وزراء کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
یہ اجلاس حکومت کی کارکردگی کے درمیانی مدت کے جائزے کے طور پر اہم سمجھا جا رہا ہے۔ یہ ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز کے اطراف رکاوٹوں اور عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث توانائی کے تحفظ سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔