مرزا پور
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز مرزا پور میں پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے کے متاثرین کے لیے مالی امداد کی منظوری دی، جس میں 11 افراد کی جانیں ضائع ہو گئیں۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق یہ امداد پرائم منسٹر نیشنل ریلیف فنڈ سے فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا، "اتر پردیش کے مرزا پور میں حادثے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے اہلِ خانہ کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
اسی طرح وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے 2 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرزا پور ضلع میں سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اس سے قبل بدھ کی رات مرزا پور میں ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ٹرک کی ٹکر سے ایک کار اور بولیرو گاڑی میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
ستیہ پرکاش دوبے، جو جاں بحق افراد میں سے ایک کے دوست ہیں، نے بتایا کہ میرے دوست کا خاندان منڈن تقریب میں گیا تھا، اور واپسی کے دوران ان کی کار کو پیچھے سے ایک ٹرک نے ٹکر ماری، جس کے بعد وہ ایک اور ٹرک سے جا ٹکرائی، اور پورا خاندان اس حادثے میں ہلاک ہو گیا۔
مرزا پور پولیس کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی رات تقریباً 8:30 بجے ڈرامنڈ گنج تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ حادثہ اس وقت ہوا جب چنے سے لدا ایک ٹرک بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو گیا اور ایک کار سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔مرزا پور کی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اپرنا راجت کوشک نے بتایا کہ چنے سے لدا ٹرک اچانک بے قابو ہو گیا اور پہلے زور دار ٹکر کے ساتھ ایک بولیرو سے ٹکرایا، جس کے بعد بولیرو ایک سوئفٹ ڈیزائر کار سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ سوئفٹ ڈیزائر میں فوراً آگ لگ گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوئفٹ ڈیزائر آگے بڑھ کر ایک ٹریلر سے بھی ٹکرا گئی، جس کے بعد تمام گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ چند ہی لمحوں میں بولیرو سمیت دیگر گاڑیاں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئیں۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور شدید زخمی ہوا ہے اور اس وقت ضلع اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔مرزا پور پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ پون کمار گنگوار اور ایس پی اپرنا راجت کوشک بھاری پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔
فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، تاہم آگ کی شدت کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔