نئی دہلی
وزیرِ اعظم مودی نے بدھ کے روز پالَم میں رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس 2 لاکھ روپے کے معاوضے (ایکس گریشیا) کا اعلان کیا ہے۔اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے زخمیوں کے لیے وزیرِ اعظم نیشنل ریلیف فنڈ سے 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔
وزیرِ اعظم کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دہلی کے پالَم میں آگ لگنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ میں ان لوگوں سے تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا۔ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔ ہر متوفی کے اہلِ خانہ کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ادھر کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کانگریس کارکنان سے متاثرین کی مدد کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ پالم ، دہلی میں آگ کے باعث کئی لوگوں کی موت کی خبر انتہائی دل دہلا دینے والی ہے۔ اللہ مرحومین کو سکون عطا کرے۔ سوگوار خاندانوں سے میری گہری ہمدردی ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ کانگریس کے لیڈران اور کارکنان سے اپیل ہے کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔
یہ آگ بدھ کی علی الصبح پالَم کے سادھ نگر علاقے میں ایک رہائشی عمارت میں مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ دہلی فائر سروس، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، پولیس اور دیگر ایجنسیاں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔فائر حکام کے مطابق اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 9 ہو گئی ہے، جبکہ 3 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں پرویش (33)، کمل (39)، آشو (35)، لادو (70)، ہمانشی (22) اور تین کم عمر بچیاں (عمر 15، 6 اور 3 سال) شامل ہیں، جنہیں منی پال اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔
اسی دوران ایک خاتون دیپیکا (28) کو آئی جی آئی اسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا، جبکہ انیل (32) اور ایک 2 سالہ بچی وہاں زیرِ علاج ہیں۔ایک اور شخص سچن (29) تقریباً 25 فیصد جھلسنے کے زخموں کے ساتھ صفدر جنگ اسپتال میں داخل ہے۔
این ڈی آر ایف کے ڈپٹی انسپکٹر وکی رانگا نے کہا کہ عمارت اندر سے بری طرح متاثر ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن کافی مشکل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم 10 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئے تھے، اور دہلی فائر سروس و دیگر ایجنسیاں آگ بجھانے میں مصروف تھیں۔ ہم نے وہاں سے دو لاشیں نکالیں۔ عمارت اندر سے متاثر ہو چکی ہے اور ایسے حالات میں ریسکیو آپریشن ایک بڑا چیلنج ہے۔ آس پاس کی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔