مودی اور دیگر سرکردہ رہنماؤں کی اونم اور عید میلاد النبی ﷺ پر عوام کو مبارکباد

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2026
مودی اور دیگر سرکردہ رہنماؤں کی اونم اور عید میلاد النبی ﷺ پر عوام کو مبارکباد
مودی اور دیگر سرکردہ رہنماؤں کی اونم اور عید میلاد النبی ﷺ پر عوام کو مبارکباد

 



 نئی دہلی وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اونم اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی اور ملک بھر میں خوشی اتحاد خوشحالی اور ہم آہنگی کی دعا کی۔

وزیر اعظم مودی نے ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں اونم کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ رنگا رنگ تہوار دنیا بھر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار خوشی اتحاد اور خوشحالی کے جذبے کو مزید مضبوط کرے۔ انہوں نے عوام کو اونم کی مبارکباد پیش کی۔

ایک دوسری پوسٹ میں وزیر اعظم نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ موقع معاشرے میں باہمی iاتحاد اور خوشی کے جذبے کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ نیکی اور معاشرے کی بھلائی کے لیے کام کرنے کا جذبہ ہمیشہ لوگوں کی رہنمائی کرتا رہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اونم کے موقع پر کیرالَم کے عوام کو مبارکباد دی اور سب کے لیے امن خوشحالی اور فلاح و بہبود کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اونم کا یہ خوشی بھرا موقع ہر ایک کی زندگی میں امن خوشحالی اور بھلائی سے بھرا سال لے کر آئے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی دونوں تہواروں کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اونم کو کیرالَم کی مالا مال ثقافتی وراثت اور روایات کا جشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار لوگوں کو خوشی اور جشن کے جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے اور اتحاد ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اونم فطرت کے تئیں شکرگزاری کے اظہار کا موقع بھی ہے اور دعا کی کہ فصلوں کا یہ تہوار سب کے لیے بے پناہ خوشی امن اور خوشحالی لے کر آئے۔ks

راج ناتھ سنگھ نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع سب کے لیے امن اور خوشحالی کا باعث بنے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشرے میں ہم آہنگی اور ہمدردی کا جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی اونم کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کثرت اور باہمی میل جول کا یہ تہوار ہر گھر میں امن خوشحالی اور خوشی لے کر آئے۔ انہوں نے دہلی سمیت پورے ملک کے عوام کے لیے خوشیوں بھری اونم کی دعا کی۔

مرکزی وزیر پیوش گوئل نے بھی عوام کو خوشیوں اور خوشحالی سے بھرپور اونم کی مبارکباد دی۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ دن اور پورا سال خوشی مسرت فراوانی اور امن سے معمور رہے۔

مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود شیوراج سنگھ چوہان نے بھی فصلوں کے اس تہوار پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کسانوں کے لیے اچھی فصل اور خوشحالی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی محنت رنگ لائے اور اونم کا جذبہ لوگوں کی زندگیوں میں امید خوشی اور ہم آہنگی پیدا کرے۔

شیوراج سنگھ چوہان نے کسانوں اور تمام شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خوشحالی ہم آہنگی اور ثقافتی رنگا رنگی سے بھرپور اونم کے مقدس تہوار پر سب کو دلی مبارکباد۔ انہوں نے دعا کی کہ بھگوان شری ہری وشنو اور راجا مہابلی کی رحمت سب پر ہمیشہ قائم رہے۔ ہر کھیت فصلوں سے لہلہاتا رہے اور ہر گھر اور صحن اناج اور خوشحالی سے بھرا رہے۔ انہوں نے سب کی زندگی میں بے پایاں خوشی خوشحالی اور مسرت کی دعا کی۔

چوہان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بھی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ یہ تہوار ہر ایک کی زندگی میں خوشی امن خوشحالی اور مسرت لے کر آئے۔

اس سے قبل صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی منگل کے روز اونم اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک کے شہریوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی تھیں۔

اونم کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا تھا کہ یہ تہوار کیرالَم کی مالا مال ثقافت اور بھائی چارے کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے اور تنوع میں اتحاد کے تصور کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشتیوں کی دوڑ لوک رقص موسیقی اور کھیل اونم سے وابستہ اہم روایات میں شامل ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ اونم نئی فصل کی آمد پر فطرت کے تئیں شکرگزاری کے اظہار کا موقع بھی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ تہوار سب کے لیے خوشی امن اچھی صحت اور خوشحالی لے کر آئے۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ دن پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حضور اکرم ﷺ کے اعلیٰ اور پاکیزہ اصول لوگوں کو ایک جامع اور ترقی یافتہ ہندستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔

اونم دس روزہ فصل کا تہوار ہے جو بنیادی طور پر کیرالَم میں منایا جاتا ہے۔ یہ روایتی طور پر افسانوی راجا مہابلی کی سالانہ واپسی کی یاد سے منسلک ہے۔ اس تہوار کا اختتام تروونم کے دن ہوتا ہے جو دسواں اور سب سے زیادہ اہم دن سمجھا جاتا ہے اور بدھ کے روز منایا جارہا ہے۔

اونم کے موقع پر لوگ نئے کپڑے پہنتے ہیں۔ گھروں کے سامنے پھولوں سے خوب صورت نقش و نگار بنائے جاتے ہیں جنہیں پوکّلم کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر روایتی سبزیوں پر مشتمل ضیافت بھی تیار کی جاتی ہے جسے کیلے کے پتے پر پیش کیا جاتا ہے۔

عید میلاد النبی ﷺ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کی یاد میں منائی جاتی ہے۔