جموں: جنوبی کشمیر کے ہمالیائی علاقے میں 3,880 میٹر بلند مقدس امرناتھ غار کے لیے جمعرات کی علی الصبح سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان 1,795 یاتریوں کا ایک اور قافلہ جموں کے بیس کیمپ سے روانہ ہوا۔ حکام کے مطابق اب تک 4.40 لاکھ سے زائد عقیدت مند مقدس غار میں بھگوان شیو کے درشن کر چکے ہیں۔ یاترا کے 23ویں قافلے میں 1,406 مرد اور 389 خواتین شامل تھیں۔
یہ قافلہ 82 گاڑیوں پر مشتمل تھا، جو تقریباً 2:50 بجے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے بالتل کے لیے روانہ ہوا۔ حکام نے بتایا کہ آج کے قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی جموں بیس کیمپ سے امرناتھ یاترا پر روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 1,32,150 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس سال کا اب تک کا سب سے چھوٹا قافلہ ہے۔
اس سے قبل بدھ کو 2,051، منگل کو 3,029 اور پیر کو 3,800 یاتری روانہ ہوئے تھے۔ 57 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ یاد رہے کہ خراب موسم کے باعث 19 جولائی سے 24 جولائی تک یاترا چھ دن کے لیے معطل رہی تھی، جسے 25 جولائی سے دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔