ہتھیار کے بجائے نوجوان قلم اور کتاب اٹھائیں: جموں و کشمیر پولیس سربراہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2021
ہتھیار کے بجائے نوجوان قلم اور کتاب اٹھائیں: جموں و کشمیر پولیس سربراہ
ہتھیار کے بجائے نوجوان قلم اور کتاب اٹھائیں: جموں و کشمیر پولیس سربراہ

 

 

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے ہتھیار اٹھانے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کر کے سماج کی آسودہ حالی کے لئے اپنے آپ کو وقف رکھیں تاکہ جموں و کشمیرامان و امان کا گہوارہ بن سکے ان باتوں کا اظہار انہوں نے سری نگر میں منعقدہ 'رن فار پیس' تقریب کے بعد حاشئے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے پولیس سربراہ نے کہا کہ اس تقریب میں حصہ لینے والے طلبا کی شرکت سے عیاں ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگ امن و امان کے متمنی ہیں اور یہ اسلحہ اٹھانے والوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ وہ بھی تشدد کا راستہ ترک کر کے قومی دھارے میں شامل ہو جائیں تاکہ جموں و کشمیر میں امن و شانتی اور خوشحالی کو فروغ مل سکے۔

اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں انہیں اس کے بجائے کتاب اور قلم اٹھانا چاہئے تاکہ وہ بھی سماج میں اپنا اونچا مقام پیدا کر سکیں۔ دلباغ سنگھ نے مزید کہا ہے کہ ہتھیار اٹھانے والے نہ صرف ملک اور قوم کو نقصان پہنچانے کا کام کرتے ہیں بلکہ وہ اپنے ماں باپ کی پریشانی کا بھی سبب بنتے ہیں اور اُن کا اٹھانے والا ہر قدم نقصان کی ہی اور بڑھ رہا ہے اور ایسی سرگرمیوں سے وہ اپنی قیمتی جانیں بھی گنوا بیٹھتے ہیں۔

پولیس چیف نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے حالیہ جموں و کشمیر دورے کے دوران بھی اسی طرح کا پیغام دیا ہے کہ ہتھیار اٹھانے کے بجائے قلم اور کتاب اٹھالینی چاہئے تاکہ ملک و قوم کا بھلا ہو سکے اور یہی میری بھی خواہش ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ رن فار پیس، رن فار کیمونٹی پروگرام منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہر طبقے کے لوگ اس دن ملک و قوم کی سلامتی اور مفاد کے لئے اپنا عزم دہراتے ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس چیف نے اس پروگرام کے انعقاد پر آرمڈ پولیس ونگ کو مبارکباد پیش کی ہیں۔ آخر پر انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔