فلپائن: زلزلے سے پانچ افراد ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-06-2026
فلپائن: زلزلے سے پانچ افراد ہلاک
فلپائن: زلزلے سے پانچ افراد ہلاک

 



منیلا 
شِنہوا کی ایک رپورٹ کے مطابق، جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں پیر کی علی الصبح آنے والے 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شِنہوا نیوز کے مطابق جنرل سانٹوس سٹی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سربراہ ایگریپینو ڈسیرا نے بتایا کہ حکام اب بھی جانی نقصان اور مالی خسارے کی مکمل تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ پیر کے روز فلپائن نیوز ایجنسی نے سماجی بہبود و ترقی کے محکمے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سیکریٹری ریکس گیچیلیان نے مقامی حکومتی اداروں کے ساتھ فوری رابطہ اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منڈاناؤ میں متاثرہ خاندانوں اور افراد کی مدد کے لیے 11 لاکھ سے زائد فیملی فوڈ پیک پہلے ہی دستیاب رکھے گئے ہیں۔پی این اے کے مطابق، محکمۂ سماجی بہبود کے ڈیزاسٹر ریسپانس مینجمنٹ گروپ نے بتایا کہ 2 جون تک ملک بھر میں 47 لاکھ فیملی فوڈ پیک پہلے سے تیار حالت میں موجود تھے، جنہیں ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران فوری طور پر تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے مزید کہا کہ اس کے فیلڈ دفاتر کی فوری ردِعمل ٹیمیں  بھی ہائی الرٹ پر ہیں اور مقامی حکومتی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مزید وسائل فراہم کیے جا سکیں۔
ریکس گیچیلیان نے کہامحکمہ سماجی بہبود پورے منڈاناؤ میں متاثرہ خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے اور فوری امداد فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہم نے تمام فیلڈ دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقامی حکومتوں اور سماجی کارکنوں کے ساتھ مل کر کام کریں اور طے شدہ انخلا مراکز میں سماجی کارکن تعینات کریں۔انہوں نے متعلقہ فیلڈ دفاتر کو موبائل کمانڈ سینٹرز، موبائل کچن اور دیگر ضروری آلات و وسائل بھی فوری طور پر تعینات کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب فلپائن نیشنل پولیس  نے اپنی پریس کانفرنس میں زلزلے سے متعلق تازہ ترین معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے پیر کی صبح اعلان کیا کہ تمام ہنگامی اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے، جن میں دفتر برائے شہری دفاع اور قومی آفات خطرہ کمی و انتظامی کونسل شامل ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے سرانگانی، داواؤ آکسیڈینٹل، تاوی تاوی اور سولو سمیت نو صوبوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر بلند مقامات یا ساحلی علاقوں سے دور اندرونِ ملک منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔
اسی طرح انڈونیشیا کے شمالی سولاویسی، شمالی گورونٹالو اور سانگھی جزائر کے بعض علاقوں میں بھی انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور لوگوں سے بلند مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔الجزیرہ کے مطابق جاپان، فلپائن اور انڈونیشیا کے حکام نے خطرناک سمندری لہروں کے خدشے کے پیش نظر سونامی الرٹ جاری کر دیا ہے اور ساحلی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکہ کے پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا تھا کہ فلپائن کے ساحلی علاقوں میں 3 میٹر (9.8 فٹ) تک بلند سونامی لہریں پہنچ سکتی ہیں، جبکہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض حصوں میں ایک میٹر (3.3 فٹ) تک بلند لہروں کا امکان ہے۔
جاپان موسمیاتی ایجنسی کے مطابق پہلی لہروں کے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے فلپائن اور انڈونیشیا کے بعض علاقوں تک پہنچنے کی توقع تھی۔اس کے بعد جنوبی جاپان اور تائیوان میں صبح تقریباً 11 بجے لہریں پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا، جبکہ ایک گھنٹے بعد مائکرونیشیا، پاپوا نیو گنی اور سولومن جزائر میں بھی سونامی لہروں کے پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔