عالمی سپلائی میں رکاوٹ کے درمیان ایندھن، ایل پی جی کا ذخیرہ کافی ہے: وزارت پٹرولیم
نئی دہلی
عالمی توانائی سپلائی چین میں رکاوٹوں کے درمیان، پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے پیر کو شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ خام تیل کے ذخائر مستحکم ہیں، ریفائنریاں بہترین سطح پر کام کر رہی ہیں، اور ملک بھر میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔قومی دارالحکومت میں ایک بین وزارتی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے، پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری (مارکیٹنگ اینڈ آئل ریفائنری) سجاتا شرما نے کہا کہ حکومت نے صارفین کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کئی مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
شرما نے کہا کہ دنیا بھر میں عالمی توانائی سپلائی چین میں رکاوٹیں دیکھی جا رہی ہیں۔ بین الاقوامی بازار میں قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ پایا جا رہا ہے۔ تاہم، حکومتِ ہندوستان نے کئی مؤثر اقدامات کیے ہیں اور یہ یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ عام صارفین کو کم سے کم پریشانی کے ساتھ ایندھن کی فراہمی برقرار رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خام تیل کے ذخائر مستحکم ہیں، ریفائنریاں بہترین سطح پر کام کر رہی ہیں، اور ملک بھر میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، جبکہ کسی بھی مقام پر ایندھن ختم ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کے نتیجے میں ہمارے خام تیل کے ذخائر اچھی طرح برقرار ہیں۔ ہماری ریفائنریاں بہترین سطح پر کام کر رہی ہیں۔ کسی بھی ریٹیل آؤٹ لیٹ پر ایندھن ختم ہونے کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ نہ ہی ایل پی جی ڈسٹری بیوشن مراکز پر ایسی کوئی اطلاع ملی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کا مناسب ذخیرہ دستیاب ہے اور گھریلو استعمال کے لیے ایل پی جی کی سپلائی بھی برقرار رکھی جا رہی ہے۔
سپلائی کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے شرما نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں 1.14 کروڑ بکنگز کے مقابلے میں 1.26 کروڑ ایل پی جی سلنڈر گھروں تک پہنچائے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح گزشتہ تین دنوں میں کمرشیل ایل پی جی کی فروخت 17 ہزار ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔ آٹو ایل پی جی کی فروخت بھی 762 ٹن سے زیادہ رہی ہے۔
شرما نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شہریوں کو ایندھن کی کھپت کم کرنے اور توانائی بچانے کے اقدامات اپنانے کی سات اپیلوں کا بھی اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یں آپ سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ وزیر اعظم نے ملک کے تمام شہریوں سے پٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی کرنے کی اپیل کی ہے۔ جہاں ممکن ہو میٹرو اور عوامی ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں، کار پولنگ اختیار کریں، سامان کی نقل و حمل کے لیے ریلویز کو ترجیح دیں، اور جہاں ممکن ہو الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال بڑھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم سب مل کر اپنی روزمرہ زندگی میں توانائی بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں تاکہ اس وقت ملک پر پڑنے والے معاشی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
وزیر اعظم مودی نے اتوار کو سکندرآباد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ورک فرام ہوم کو ترجیح دیں، ایندھن کے استعمال میں کمی کریں، ایک سال تک غیر ضروری غیر ملکی سفر سے گریز کریں، سودیشی مصنوعات اپنائیں، خوردنی تیل کے استعمال میں کمی کریں، قدرتی کھیتی کی طرف بڑھیں اور سونے کی خریداری محدود کریں۔
انہوں نے درآمدات پر انحصار کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہر گھرانے کو خوردنی تیل کے استعمال میں کمی کرنی چاہیے اور قدرتی کھیتی اپنانی چاہیے تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ کی بچت ہو اور ماحولیات کا تحفظ ممکن ہو سکے۔کیمیائی کھاد کی درآمدات کے بوجھ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کیمیائی کھاد درآمد کرنے پر غیر ملکی زرمبادلہ کی بڑی مقدار خرچ کرتا ہے، اور کسانوں سے اس کے استعمال میں کمی کی اپیل کی۔
ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم مودی نے نقل و حمل کے طریقوں میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ جہاں ممکن ہو میٹرو اور عوامی ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں، نجی گاڑیوں کی صورت میں کار پولنگ اپنائیں، سامان کی نقل و حمل کے لیے ریلویز کو ترجیح دیں، اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ کریں۔