نئی دہلی
مرکزی وزیرِ پیٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے جمعرات کو کہا کہ حکومت فلیکس فیول گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے دہلی-این سی آر، پونے، ممبئی اور ناگپور جیسے مخصوص علاقوں میں تقریباً 5,200 ایتھنول ڈسپنسنگ اسٹیشن قائم کرنے جا رہی ہے۔ ماروتی سوزوکی ویگن آر کے فلیکس فیول ورژن کی لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوری نے کہا کہ ماضی میں ای-100 ایتھنول ڈسپنسنگ اسٹیشن قائم کرنے کی کوششیں اس لیے کامیاب نہیں ہو سکیں کیونکہ اُس وقت اس کے مطابق گاڑیوں کے مناسب ماڈلز دستیاب نہیں تھے۔
انہوں نے کہا، "پہلے بڑی تعداد میں ای-100 ڈسپنسنگ اسٹیشن قائم کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن گاڑیوں کے ماڈلز تیار نہیں تھے۔" وزیر نے بتایا کہ حکومت اب تقریباً 5,200 ایتھنول ڈسپنسنگ اسٹیشنوں کے ساتھ آغاز کر رہی ہے اور اس نیٹ ورک کو مختلف مراحل میں وسعت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ ہم دہلی-این سی آر، پونے، ممبئی، ناگپور اور دیگر علاقوں میں تقریباً 5,200 ڈسپنسنگ اسٹیشنوں کے ساتھ شروعات کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ 2026 کے اختتام تک یہ تعداد 500 تک پہنچ جائے گی اور اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو دسمبر 2027 کے آخر تک ہم 5,000 اسٹیشنوں تک پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلیکس فیول گاڑیوں کے بڑے پیمانے پر استعمال سے ملک میں ایتھنول کی کھپت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر نئی گاڑیوں میں سے 50 فیصد فلیکس فیول کے مطابق تیار کی جائیں تو ہمارے پاس تقریباً 400 کروڑ لیٹر یا اس کے قریب اضافی ایتھنول دستیاب ہوگا جسے استعمال کیا جا سکے گا۔
وزیر نے کہا کہ حکومت کا ایک اہم مقصد ایسی فصلوں کو فروغ دینا بھی ہے جن میں پانی کی کھپت کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصلوں سے ہٹ کر مکئی جیسی فصلوں کی جانب بڑھا جائے، جنہیں کم پانی درکار ہوتا ہے۔ یہ ایک مکمل ماحولیاتی نظام ہے جو بتدریج ترقی کر رہا ہے۔
ویگن آر فلیکس فیول کی لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہردیپ سنگھ پوری نے مسافر گاڑیوں کے شعبے میں فلیکس فیول ٹیکنالوجی کے ممکنہ اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی سڑکوں پر 30 کروڑ سے زائد دو پہیہ گاڑیاں چل رہی ہیں، لیکن ہمارے پاس 37 لاکھ مسافر گاڑیاں بھی ہیں، جو ہندوستان کے متوسط طبقے کی امنگوں، خاندانوں کی نقل و حرکت اور نجی ٹرانسپورٹ کے مستقبل کی نمائندگی کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "جب فلیکس فیول ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر اس شعبے میں آئے گی تو اس کے اثرات کئی گنا بڑھ جائیں گے۔وزیر نے ہندوستان کی توانائی سلامتی کی کوششوں پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک کی خام تیل اور ایل پی جی درآمدات کا ایک بڑا حصہ آبنائے ہرمز کے ذریعے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملک میں ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری رہی ہے۔
انہوں نے کہا، "گزشتہ 93 یا 94 دنوں کے دوران کہیں بھی ایندھن کی سپلائی مکمل طور پر بند نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی جگہ قلت پیدا ہوئی ہے۔ہردیپ سنگھ پوری نے مزید بتایا کہ گزشتہ چند برسوں میں گھریلو ایل پی جی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا، "ہم نے ایل پی جی کی پیداوار، جو پہلے روزانہ 32 ہزار میٹرک ٹن تھی، بڑھا کر 54 ہزار میٹرک ٹن کر دی ہے۔ اگر پہلے مجموعی کھپت 80 ہزار میٹرک ٹن روزانہ تھی اور اس میں سے 32 ہزار میٹرک ٹن ملک کے اندر پیدا ہوتا تھا تو ہمیں 50 ہزار میٹرک ٹن درآمد کرنا پڑتا تھا۔ آج صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔