سپریم کورٹ میں پیلٹ گن پر پابندی کی درخواست

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 28-07-2026
سپریم کورٹ میں پیلٹ گن پر پابندی کی درخواست
سپریم کورٹ میں پیلٹ گن پر پابندی کی درخواست

 



نئی دہلی: سابق آئی پی ایس افسر یشووردھن آزاد اور دو دیگر افراد نے، جنہوں نے 20 جولائی کو نیٹ پرچہ لیک کے خلاف پارلیمنٹ مارچ کے دوران پولیس کارروائی میں پیلٹ گن سے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے، سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پمپ ایکشن رائفلوں اور پروجیکٹائل ایکشن گنوں سے داغے جانے والے دھاتی یا جزوی دھاتی پیلٹ کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کیا جائے یا اس پر پابندی عائد کی جائے۔ درخواست گزاروں نے 20 جولائی کی پولیس کارروائی میں پیلٹ سے زخمی ہونے والے تمام افراد کو مناسب معاوضہ، مکمل طبی علاج، طویل مدتی نگہداشت اور بازآبادکاری فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 25 سالہ فنکار پرشانت کمار پارلیمنٹ مارچ میں پُرامن طور پر شریک تھے، لیکن ریپڈ ایکشن فورس (RAF) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے پیلٹ لگنے کے باعث زخمی ہو گئے۔ اسی طرح 26 سالہ شیخ ارشاد منصوری، جو پاسپورٹ اور ویزا کے کام سے کناٹ پلیس گئے تھے، مبینہ طور پر پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے، حالانکہ وہ کسی احتجاج میں شامل نہیں تھے۔

درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ پیلٹ گن سے نکلنے والے چھروں کی سمت غیر متوقع ہوتی ہے، جس کی وجہ سے یہ ہجوم کو قابو کرنے کا غیر محفوظ، من مانی اور غیر متناسب ذریعہ ہے اور شہری مظاہروں میں اس کا استعمال مناسب نہیں۔ واضح رہے کہ 20 جولائی کو امتحانی پرچہ لیک کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے دوران پارلیمنٹ کی جانب مارچ میں پولیس نے آنسو گیس کے گولے، لاٹھی چارج اور دیگر اقدامات کیے تھے، جس پر متعدد درخواستیں پہلے ہی سپریم کورٹ میں دائر کی جا چکی ہیں۔