نئی دہلی: کرناٹک کے ضلع کلبُرگی میں واقع لاڈلے مشایخ درگاہ میں مہاشیو راتری کی پوجا روکنے کے لیے درگاہ کمیٹی سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ احاطے میں پوجا کی اجازت نہ دی جائے۔ اس کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کے ذریعے درگاہ کے مذہبی تشخص کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بدھ (11 فروری 2025) کو یہ معاملہ چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ کے سامنے پیش کیا گیا، جس نے کہا کہ کیس کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے ہائی کورٹ کے حکم کے تحت وہاں شیو راتری پر پوجا کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ منظم انداز میں مقام کے مذہبی کردار کو بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے عدالت سے مختلف عبوری احکامات حاصل کیے جا رہے ہیں۔
درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والی سینئر وکیل وبھا دت مکھيجا نے 15 فروری کو ہونے والی مہاشیو راتری سے قبل فوری سماعت کی اپیل کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت نے ہر معاملہ براہِ راست سپریم کورٹ لانے کے رجحان پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا، ’’آج کل ہر معاملہ آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت سیدھا سپریم کورٹ کیوں آ رہا ہے؟ اس سے یہ پیغام جاتا ہے جیسے ہائی کورٹس غیر فعال ہو گئی ہوں۔‘
‘ تاہم چیف جسٹس نے عرضی پر غور کرنے اور جلد سماعت کی امکان تلاش کرنے کی بات کہی ہے۔ فی الحال پوجا پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ یہ مقام، جسے الند درگاہ بھی کہا جاتا ہے، 14ویں صدی کے صوفی بزرگ حضرت شیخ علاؤالدین انصاری سے منسوب بتایا جاتا ہے۔ جبکہ ہندو فریق اسے 15ویں صدی کے سنت راگھو چیتنیہ سے جوڑتا ہے۔
احاطے میں ایک شیو لنگ بھی موجود ہے جسے ’’راگھو چیتنیہ شیو لنگ‘‘ کہا جاتا ہے۔ سنہ 2022 میں یہاں پوجا کے حق کو لے کر فرقہ وارانہ تشدد بھی ہوا تھا۔ 2025 میں کرناٹک ہائی کورٹ نے سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت 15 افراد کو دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک پوجا کی اجازت دی تھی۔