نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو ملک بھر کی عدالتوں میں مقدمات کے بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے رہنما اصول وضع کرنے کی درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس وی موہن کی سربراہی میں قائم بنچ نے ایک وکیل کی جانب سے دائر درخواست مسترد کر دی۔
درخواست میں عدالتوں میں التوا (ملتوی کیے جانے) کی اجازت دینے کے لیے یکساں اور مؤثر اصول وضع کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ درخواست گزار وکیل نے ذاتی طور پر پیش ہو کر مؤقف اختیار کیا کہ مقدمات میں بار بار اور غیر منظم انداز میں التوا دیے جانے کے باعث نظامِ انصاف میں تاخیر پیدا ہو رہی ہے، لہٰذا اس مسئلے کے حل کے لیے عدالتی مداخلت ضروری ہے۔
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے درخواست گزار کو مشورہ دیا کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کے بجائے قانونی اداروں اور وکلا تنظیموں کے سامنے اٹھائے۔ بنچ نے ریمارکس دیے، ’’آپ بار کونسل آف انڈیا، ریاستی بار کونسلوں، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز اور ضلعی عدالتوں کی بار ایسوسی ایشنز سے رجوع کر سکتے ہیں۔‘‘
سماعت کے دوران ایک خوشگوار لمحہ بھی آیا جب جج صاحبان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ وکلا برادری کے ساتھ کوئی محاذ آرائی نہیں چاہتے۔ بنچ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’ہم وکلا سے دشمنی مول نہیں لینا چاہتے، ہم ان کے دوست ہیں۔‘‘ درخواست میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا تھا کہ ملک بھر کی عدالتوں کے لیے مقدمات کے انتظام کا ایک جامع قومی نظام وضع کیا جائے۔
اس کے تحت عدالتی کارروائی کے مختلف مراحل کے لیے مقررہ مدت طے کرنے، التوا دینے کے عمل کو مزید سخت بنانے، مناسب مقدمات میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے اور طویل عرصے سے زیرِ التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی تجاویز شامل تھیں۔