نئی دہلی : قومی دارالحکومت جمعہ کی صبح زہریلی دھند کی دبیز چادر میں لپٹا ہوا جاگا اور صبح سات بجے اوسط فضائی معیار کا اشاریہ تین سو انتیس درج کیا گیا جو بہت خراب زمرے میں آتا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں میں معمولی بہتری کے باوجود شہر کے بڑے حصے گھنی اور مضر صحت دھند میں ڈوبے رہے۔ غازی پور اور آنند وہار جیسے علاقوں میں حد نگاہ نہایت کم رہی اور کئی مقامات پر فضائی معیار مسلسل بہت خراب ریکارڈ کیا گیا۔
آنند وہار اور غازی پور کے اطراف فضا انتہائی آلودہ رہی اور یہاں اے کیو آئی تین سو چھیاسٹھ تک پہنچ گیا۔ سونیا وہار میں تین سو اٹھتیس اور وزیر پور میں تین سو بیاسی درج ہوا۔ بوانا میں سب سے زیادہ تین سو پینسٹھ ریکارڈ کیا گیا جب کہ این ایس آئی ٹی دوارکا میں اے کیو آئی دو سو انہتر رہا جو خراب زمرے میں آتا ہے۔ دھولا کوان کے علاقے میں بھی صبح کے وقت فضا زہریلی دھند سے بھری رہی اور فضائی اشاریہ تین سو سینتیس درج ہوا۔
اسی دوران ہر یانہ کے کئی علاقوں میں گھنی دھند نے حد نگاہ کم کر دی اور صبح کے سفر میں خلل ڈالا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرنال میں کم از کم درجہ حرارت سات ڈگری رہا جو خاصی سرد صبح کی علامت ہے۔
فضائی معیار کے زمرہ جات کے مطابق صفر سے پچاس تک کی سطح بہتر، اکاون سے سو تک قابل اطمینان، ایک سو ایک سے دو سو تک درمیانی، دو سو ایک سے تین سو تک خراب، تین سو ایک سے چار سو تک بہت خراب اور چار سو ایک سے پانچ سو تک انتہائی سنگین آلودگی کو ظاہر کرتی ہے۔ فضائی اشاریہ جتنا بڑھتا ہے صحت پر اتنا ہی منفی اثر پڑتا ہے۔ درمیانی سطح پر حساس افراد کو سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے جب کہ بہت خراب سطح پر صحت مند افراد بھی مسلسل نمائش سے متاثر ہوسکتے ہیں اور سانس کی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔