بہار کو برباد کرنے والوں کو نائک نہیں کہا جا سکتا۔ پرشانت کشور

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-10-2025
بہار کو برباد کرنے والوں کو نائک نہیں کہا جا سکتا۔ پرشانت کشور
بہار کو برباد کرنے والوں کو نائک نہیں کہا جا سکتا۔ پرشانت کشور

 



ستامڑھی (بہار) 26 اکتوبر۔ جَن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بہار کو برباد کر چکے ہیں انہیں نایک نہیں کہا جا سکتا ۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ لوگ جنہوں نے بہار کو اس حال تک پہنچایا ہے ہیرو کہلائے جا رہے ہیں تو پھر ویلن کون ہے۔ بہار کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ریاست کو اس حال تک کن لوگوں نے پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ بہار کے نایک نہیں ہو سکتے۔ پرشانت کشور کی پارٹی جَن سوراج اس بار ریاست کی تمام 243 نشستوں پر انتخاب لڑ رہی ہے اور اسے بہار کے عوام کے لیے تیسرا متبادل سمجھا جا رہا ہے۔

پرشانت کشور نے بتایا کہ چَٹھ پوجا کے بعد ان کی انتخابی مہم باضابطہ طور پر شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے ملاقات کر رہے ہیں اور 28 تاریخ سے اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔ بہار اسمبلی انتخابات 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔دوسری جانب تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کا اتحاد عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گا۔ انہوں نے این ڈی اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے میں کوئی بھی شخص لالو یادو اور تیجسوی یادو کو گالی دینے کے علاوہ کچھ نہیں بول رہا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی اے نے دو کروڑ نوکریاں، اسٹارٹ اپ انڈیا اور میک ان انڈیا جیسے وعدے کیے تھے لیکن کچھ پورا نہیں ہوا۔ ہم کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور عوام کو صاف صاف بتا رہے ہیں کہ اگلے پانچ برسوں میں ہم کیا کریں گے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ این ڈی اے کی انتخابی حکمت عملی عوامی مسائل پر بات کرنے کے بجائے ذاتی حملوں پر مرکوز ہے۔ اس بار بہار کے عوام تبدیلی کے لیے بے چین ہیں۔یاد رہے کہ مہاگٹھ بندھن نے پہلے ہی تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ امیدوار اور وکاس شیل انسان پارٹی کے مکیش سہنی کو نائب وزیر اعلیٰ امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔