لوگوں نے ترقی اور اچھی حکمرانی کو ووٹ دیا: آلوک کمار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-11-2025
لوگوں نے ترقی اور اچھی حکمرانی کو ووٹ دیا: آلوک کمار
لوگوں نے ترقی اور اچھی حکمرانی کو ووٹ دیا: آلوک کمار

 



ایودھیا/ آواز دی وائس
وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے بین الاقوامی ورکنگ صدر الوک کمار نے ہفتے کے روز کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج انتخابی رویّے میں ایک اہم تبدیلی کا اشارہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی تصور جس کے مطابق مسلم ووٹ بینک متحد ہو کر نتائج کو متاثر کرتا ہے اب معتبر نہیں رہا۔
کمار نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ’’اقلیتوں کو ڈرانے اور ایک مسلم ووٹ بینک بنانے کی کوشش کی گئی‘‘ اور مہاگٹھ بندھن پر الزام لگایا کہ وہ فرقہ وارانہ بنیاد پر ووٹوں کو یکجا کرکے فائدہ حاصل کرنا چاہتا تھا۔  وی ایچ پی لیڈر نے کہا کہ اس انتخاب میں اقلیتوں کو خوف زدہ کرنے اور ایک مسلم ووٹ بینک تیار کرنے کی کوشش کی گئی۔ وہ (مہاگٹھ بندھن) اس امید میں تھے کہ اس طرح انہیں ووٹ حاصل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ انتخابی مرحلے، جن میں مہاراشٹر اور بہار کے اسمبلی انتخابات اور تین لوک سبھا انتخابات شامل ہیں، یہ ثابت کرتے ہیں کہ ’’مسلم ووٹ بینک کے ویٹو کی طاقت‘‘ کمزور پڑ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اور بہار کے اسمبلی انتخابات اور تین لوک سبھا انتخابات نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم ووٹ بینک کا ویٹو اب انتخابی نتائج پر اثر انداز نہیں ہوتا۔ کمار نے اس رجحان کو ’’جمہوری سیاست کے لیے خوش آئند‘‘ قرار دیا۔  لوگوں نے ترقی، بہتر حکمرانی اور قوم پرستی کے لیے ووٹ دیا ہے۔ میں اسے خوش آئند علامت سمجھتا ہوں اور انتخابی نتائج سے مطمئن ہوں۔ ادھر، این ڈی اے کی ’’سونامی‘‘ بہار میں اپوزیشن مہاگٹھ بندھن کو بہا لے گیا۔ بی جے پی 89 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری، جبکہ جنتا دل (یونائیٹڈ) 85 نشستوں کے ساتھ قریب قریب دوسرے نمبر پر رہی۔ حکمران اتحاد کے دیگر ساتھیوں نے بھی اعلیٰ کارکردگی دکھائی۔
مہاگٹھ بندھن کی جماعتیں جن میں آر جے ڈی اور کانگریس شامل ہیں بھاری نقصان سے دوچار ہوئیں۔ جبکہ جَن سوراج، جس نے اپنے بانی پرشانت کشور کی وسیع انتخابی مہم کے بعد ایک مضبوط آغاز کی امید کی تھی، ایک بھی نشست حاصل نہ کر سکا۔ حکمران این ڈی اے نے 243 رکنی ایوان میں 202 نشستیں حاصل کیں، یعنی تین چوتھائی اکثریت۔ یہ دوسرا موقع ہے جب این ڈی اے نے اسمبلی انتخابات میں 200 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ 2010 کے انتخابات میں اس نے 206 نشستیں جیتی تھیں۔
این ڈی اے میں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 89 نشستیں جیتیں، جنتا دل (یونائیٹڈ) نے 85، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) نے 19، ہندستانی عوام مورچہ (سیکولر) نے پانچ، اور راشٹریہ لوک مورچہ نے چار نشستیں حاصل کیں۔ مہاگٹھ بندھن میں، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے 25 نشستیں حاصل کیں، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ) لبریشن — سی پی آئی (ایم ایل) (ایل)  نے دو، انڈین انکلو سیو پارٹی نے ایک، اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) — سی پی آئی (ایم)  نے ایک نشست حاصل کی۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے پانچ نشستیں جیتیں، جبکہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے ایک نشست حاصل کی۔