سپریم کورٹ : انڈیا گیٹ پر آوارہ کتوں کو پر فیصلے کے خلاف مظاہرہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2025
سپریم کورٹ : انڈیا گیٹ پر آوارہ کتوں کو پر فیصلے کے خلاف مظاہرہ
سپریم کورٹ : انڈیا گیٹ پر آوارہ کتوں کو پر فیصلے کے خلاف مظاہرہ

 



 نئی دہلی، : سپریم کورٹ کے تازہ حکم کے خلاف، جس میں تعلیمی اداروں، اسپتالوں، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں کے احاطے سے تمام آوارہ کتوں کو ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے، اتوار کے روز انڈیا گیٹ پر لوگوں نے احتجاج کیا۔

یہ احتجاج اس وقت سامنے آیا جب سپریم کورٹ نے 7 نومبر کو ملک بھر کی ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کو ہدایت دی تھی کہ ’’کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات‘‘ کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں، اسپتالوں، پبلک اسپورٹس کمپلیکسز، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں سے آوارہ کتوں کو ہٹایا جائے۔

ایک مظاہرین نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’میں خود کو جانوروں یا کتوں کا عاشق نہیں کہتا، میں ایک ہندوستانی شہری ہوں اور یہاں انسانیت کے ناطے آیا ہوں۔ سپریم کورٹ کے پچھلے حکم میں کہا گیا تھا کہ پچھلے تین برسوں میں ریبیز سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ جھوٹے اعداد و شمار کی بنیاد پر کتوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے، جس سے مسئلہ مزید بڑھے گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’لوگ سانس لینے میں دشواری کے باعث انہیلر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ جب حکومت اپنی ناکامیوں، آلودگی اور ووٹ چوری جیسے مسائل پر جواب نہیں دے سکتی تو ایسے معاملات اٹھاتی ہے جہاں جانوروں کو نقصان پہنچتا ہے کیونکہ وہ نہ بول سکتے ہیں نہ ووٹ دے سکتے ہیں۔ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سائنسی اور منطقی حل اپنائے جائیں، کتوں کو منتقل کرنے کے بجائے ان کی نس بندی کی جائے۔‘‘

جسٹس وکرم ناتھ، سندیپ مہتا اور این وی انجاریہ پر مشتمل بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ تمام اداروں اور عوامی مقامات کے گرد باڑ لگائی جائے تاکہ آوارہ کتوں کا داخلہ روکا جا سکے۔

عدالت نے مزید کہا کہ آوارہ کتوں کو وہیں واپس نہ چھوڑا جائے جہاں سے انہیں پکڑا گیا تھا، کیونکہ ایسا کرنے سے عدالت کے حکم کا مقصد فوت ہو جائے گا۔

بنچ نے ہدایت دی کہ مقامی سرکاری ادارے ان کتوں کو جمع کر کے ویکسینیشن اور نس بندی کے بعد مخصوص ڈاگ شیلٹرز میں منتقل کریں، جیسا کہ "اینمل برتھ کنٹرول رولز" میں درج ہے۔

عدالت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریز کو حکم دیا کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کرائیں، ورنہ متعلقہ افسران کو ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔