بہار کے لوگ بہت ذہین ہیں: انوراگ ٹھاکر

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-11-2025
بہار کے لوگ بہت ذہین ہیں: انوراگ ٹھاکر
بہار کے لوگ بہت ذہین ہیں: انوراگ ٹھاکر

 



اورنگ آباد/ آواز دی وائس
ہندوستان کی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران، ہمیرپور سے بی جے پی کے رکن پارلیمان انوراگ ٹھاکر نے بہار کے عوام پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
 انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ بہار کے عوام نہایت سمجھدار ہیں اور جمہوریت کی اہمیت کو بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ ریاست کی ترقی کو رفتار مل سکے۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ بہار کے لوگ بہت ذہین ہیں، وہ جانتے ہیں کہ جمہوریت میں ووٹ کی کیا اہمیت ہے۔ میری صرف ایک گزارش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ اسی طرح وہ بہار کی ترقی کی رفتار کو بڑھائیں گے۔ اپنے ووٹ کے ذریعے بہار کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنائیں گے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ بہار کے لوگ اس کوشش میں کامیاب ہوں گے۔
دوسری جانب، وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر دوبارہ "جنگل راج" کا طعنہ دہراتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی حکومت کے دوران ریاست میں ترقی کی رفتار صفر  رہی۔ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ بہار میں کتنی ایکسپریس ویز، پل، کھیل کمپلیکس یا سیاحتی مقامات کے سرکٹ بنے؟ جواب ہے صفر۔  1990 سے 2005 تک کے پندرہ سالوں میں 'جنگل راج' کی حکومت نے بہار کو پوری طرح تباہ کر دیا۔ حکومت چلانے کے نام پر صرف لوٹ مار ہوئی۔ آپ کو وہ پندرہ سال یاد رکھنے چاہئیں ۔ کتنی ایکسپریس ویز بنیں؟ صفر۔ 'نل بٹے سناٹا'۔ کوسی ندی پر کتنے پل بنے؟ صفر، ایک بھی نہیں۔ ان پندرہ سالوں میں کتنے سیاحتی سرکٹ تیار ہوئے؟ صفر۔ اور نوجوانوں اور بیٹیوں کے کھیلنے اور آگے بڑھنے کے لیے کتنے اسپورٹس کمپلیکس بنائے گئے؟ پھر سے صفر، نل بٹے سناٹا۔
وزیراعظم مودی نے بہار کے پہلے مرحلے کے ووٹنگ میں عوام کی بھرپور شرکت کی تعریف کی اور کہا کہ لوگوں کا جوش قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بہار کو ترقی یافتہ ریاست بنانے کی سمت میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہے۔ سوشل میڈیا پر بہار کے مختلف علاقوں سے خوبصورت تصویریں آ رہی ہیں۔ صبح سے ہی پولنگ بوتھ پر طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ مائیں، بہنیں، بیٹیاں بڑی تعداد میں ووٹ ڈال رہی ہیں۔ نوجوان بھی زبردست جوش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ میں تمام ووٹروں کو مبارکباد دیتا ہوں اور سب سے اپیل کرتا ہوں کہ باہر نکلیں اور اپنا ووٹ ضرور ڈالیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق، پہلے مرحلے کے چار گھنٹوں میں بہار میں 27.65 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ ضلع بیگوسرائے میں سب سے زیادہ 30.37 فیصد ووٹنگ ہوئی، جبکہ دارالحکومت پٹنہ میں صبح 11 بجے تک 23.71 فیصد ووٹ پڑے۔ اسی دوران لکھیسرائے، جس میں صبح 9 بجے تک ووٹنگ کی رفتار سست تھی، نے اب 11 بجے تک 30.32 فیصد ووٹ درج کیے۔
گوالپارہ ضلع میں 30.04 فیصد، بکسر میں 28.02 فیصد، بھوجپور میں 26.76 فیصد، دربھنگہ میں 26.07 فیصد، کھگڑیا میں 28.96 فیصد، مدھےپورہ میں 28.46 فیصد، منگر میں 26.68 فیصد، مظفرپور میں 29.66 فیصد، نالندہ میں 26.86 فیصد، سہرسہ میں 29.68 فیصد، سمستی پور میں 27.92 فیصد، سارن میں 28.52 فیصد، شیخ پورہ میں 26.04 فیصد، سیوان میں 27.09 فیصد اور ویشالی میں 28.67 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی — یہ تمام اعداد و شمار صبح 11 بجے تک کے ہیں۔