حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے وزیر محمد اظہرالدین نے پیر کے روز اعتماد ظاہر کیا کہ کانگریس جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس بار اپنی پچھلی غلطی دہرانا نہیں چاہتے اور کانگریس کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔اظہرالدین نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم بڑی برتری سے جیتیں گے۔ ہم نے بھرپور انتخابی مہم چلائی ہے۔ اچھا لگ رہا ہے کہ ہم دوبارہ انتخابی ماحول میں ہیں۔ جو لوگ پچھلی پدیاترا میں ہم سے ملے تھے وہ اب دوبارہ آ کر کہہ رہے ہیں کہ وہ اس بار کانگریس کو ووٹ دیں گے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنی غلطی نہیں دہرانا چاہتے اور کانگریس کو بڑی اکثریت سے جتائیں گے۔‘‘
تلنگانہ کے وزیر اور کانگریس کے رہنما اظہرالدین نے یہ بات پارٹی کے امیدوار ولالا نوین یادو کے لیے انتخابی مہم کے دوران کہی۔سابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد اظہرالدین نے جمعہ کے روز تلنگانہ کابینہ کے وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ گورنر جیشنو دیو ورما نے راج بھون میں منعقدہ تقریب میں انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
ادھر تلنگانہ بی جے پی کے صدر این رام چندر راؤ نے الزام لگایا کہ کانگریس اقلیتوں کی خوشنودی کی سیاست پر انتخاب لڑ رہی ہے جبکہ بی آر ایس ووٹروں کو لبھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی ترقی کے ایجنڈے پر انتخابی میدان میں ہے۔رحمت نگر اور اطراف کے علاقوں میں انتخابی مہم کے دوران رام چندر راؤ نے کہا کہ ’’بی جے پی نے جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کے لیے اپنی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ آج ہم نے رحمت نگر سمیت کئی علاقوں میں مہم چلائی۔ بی جے پی کو عوام کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ کانگریس اقلیتوں کی خوشنودی پر انحصار کر رہی ہے جبکہ بی آر ایس ووٹروں کو لبھا رہی ہے۔ بی جے پی ترقی کی بنیاد پر انتخاب لڑ رہی ہے۔‘‘
اسی دوران بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے رحمت نگر ڈویژن میں ایک روڈ شو کے دوران کہا کہ تلنگانہ کسی دباؤ یا سیاسی دھمکی کے آگے جھکنے والی سرزمین نہیں ہے۔کے ٹی آر نے کہا ’’یہ تلنگانہ تمہاری دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔‘‘ یہ بیان انہوں نے ریونت ریڈی کی جانب سے ووٹروں کو دی گئی وارننگ کے جواب میں دیا۔
جوبلی ہلز اسمبلی حلقے میں پولنگ 11 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔ یہ ضمنی انتخاب بی آر ایس کے رکن اسمبلی مگنٹی گوپیناتھ کے انتقال کے بعد منعقد ہو رہا ہے۔کانگریس نے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے وی نوین یادو کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ بی آر ایس نے گوپیناتھ کی اہلیہ سونیتا کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ بی جے پی کی جانب سے لنکالا دیپک ریڈی امیدوار ہیں۔