ہماچل میں بارشوں سے 128 افراد جاں بحق

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2026
ہماچل میں بارشوں سے 128 افراد جاں بحق
ہماچل میں بارشوں سے 128 افراد جاں بحق

 



شملہ (ہماچل پردیش): قبل از مون سون بارشوں اور خراب موسمی حالات نے ہماچل پردیش میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں اہم بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا جبکہ یکم مارچ سے 30 جون کے دوران 128 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) کی جانب سے بدھ کو جاری کی گئی تازہ رپورٹ کے مطابق قدرتی آفات سے مجموعی مالی نقصان 29 کروڑ 84 لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث ریاست بھر میں 44 سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس سے آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کے مطابق ضلع منڈی سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 28 سڑکیں بند ہیں، جبکہ شملہ میں 17 سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہیں۔ برقی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ریاست بھر میں 254 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر ریگولیٹرز (DTRs) تاحال خراب ہیں، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ صرف ضلع منڈی میں 198 ٹرانسفارمر متاثر ہوئے، جبکہ ضلع سرمور میں 44 ٹرانسفارمر خراب ہونے کی اطلاع ہے۔ تاہم پینے کے پانی کی فراہمی کا نظام زیادہ متاثر نہیں ہوا اور ریاست میں کسی بھی مقام پر پانی کی اسکیموں میں خلل کی اطلاع نہیں ملی۔

محکمہ ریونیو کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے مطابق چار ماہ کے قبل از مون سون سیزن کے دوران موسمی آفات کے باعث 128 افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 75 اموات درختوں یا بلند چٹانوں سے گرنے کے باعث ہوئیں، جبکہ 30 افراد ڈوبنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اضلاع کے لحاظ سے شملہ میں سب سے زیادہ 33 اموات ریکارڈ کی گئیں، اس کے بعد چمبہ میں 23 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ لاہول و اسپیتی میں اس عرصے کے دوران قدرتی آفات سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ اسی مدت کے دوران ریاست میں سڑک حادثات میں بھی 270 افراد جان سے گئے۔ شملہ میں سڑک حادثات میں سب سے زیادہ 43 اموات ہوئیں، جبکہ چمبہ میں 41 افراد ہلاک ہوئے۔

بارشوں کے باعث رہائشی املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 354 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ 1,592 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ مالی نقصانات کے اعتبار سے شملہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا، جہاں 7 کروڑ 32 لاکھ 83 ہزار روپے کا نقصان ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سولن میں 4 کروڑ 64 لاکھ روپے اور کلو میں 4 کروڑ 26 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔