دہلی کا 76 فیصد علاقہ 6 یا اس سے زیادہ سالوں سے گرمی کا شکار: رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-06-2026
دہلی کا 76 فیصد علاقہ 6 یا اس سے زیادہ سالوں سے گرمی کا شکار: رپورٹ
دہلی کا 76 فیصد علاقہ 6 یا اس سے زیادہ سالوں سے گرمی کا شکار: رپورٹ

 



نئی دہلی
سینٹر فار سائنس اینڈ انوائرمنٹ  کی ایک رپورٹ کے مطابق 2015 سے 2024 کے درمیان دہلی کا تقریباً 76 فیصد علاقہ کم از کم چھ سال یا اس سے زیادہ عرصے تک شدید گرمی کے دباؤ کا شکار رہا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تعمیراتی منصوبوں، بازاروں اور اسکولوں کی بڑی تعداد ایسے علاقوں میں واقع ہے جہاں بار بار انتہائی گرمی ریکارڈ کی گئی۔"میکنگ دہلی ہیٹ ریزیلینٹ: اے روڈ میپ ود فوکس آن ولنریبل گروپس" کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران دہلی کے 98.72 فیصد رقبے نے کم از کم ایک بار شدید گرمی کی حد کو عبور کیا۔
مطالعے کے مطابق، 92 فیصد تعمیراتی منصوبے ایسے علاقوں میں واقع ہیں جہاں 2015 سے 2024 کے دوران زمینی سطح کا درجہ حرارت کم از کم ایک بار 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا، جبکہ 77 فیصد منصوبے ایسے مقامات پر ہیں جہاں بار بار شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق نقشہ بندی کیے گئے 643 بازاروں اور بڑی منڈیوں میں سے تقریباً 84 فیصد ایسے علاقوں میں واقع ہیں جہاں مسلسل گرمی کا دباؤ پایا جاتا ہے۔ اسی طرح تقریباً 13.2 لاکھ افراد پر مشتمل غیر رسمی آبادیوں کے 76 فیصد علاقے بھی شدید گرمی سے متاثر ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شہر کے 1,066 اسکولوں میں سے 80 فیصد گرمی سے متاثرہ علاقوں میں واقع ہیں۔ اس میں مٹیالا، کاکڑولا، نریلا اور چاندنی چوک سمیت 35 وارڈز کو "انتہائی زیادہ" یا "زیادہ" مجموعی خطرے والے علاقے قرار دیا گیا ہے۔
مطالعے کے مطابق دہلی کے 272 وارڈز میں سے 153 وارڈز ایسے ہیں جہاں 75 فیصد سے زیادہ علاقہ مسلسل گرمی کے دباؤ میں رہتا ہے، جبکہ 82 وارڈز میں 90 فیصد سے زائد رقبہ شدید گرمی کا شکار ہے۔ 17 وارڈز ایسے بھی ہیں جہاں پورا علاقہ گرمی کے دباؤ میں ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دہلی بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث ایک سنگین بحران کا سامنا کر رہا ہے، جہاں 2025 میں "محسوس ہونے والا" درجہ حرارت 52 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں گرمی سے متعلق 25 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ آزاد ذرائع نے یہ تعداد 55 سے زائد بتائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دہلی ایک "نئے اور زیادہ گرم معمول" کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں گزشتہ چار دہائیوں کے دوران سالانہ اوسط زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مطالعے میں بتایا گیا کہ رات کے وقت دہلی کی ٹھنڈا ہونے کی صلاحیت میں 9 فیصد کمی آئی ہے۔ شہر کا مرکزی حصہ اپنے مضافاتی علاقوں کے مقابلے میں 3.8 ڈگری سیلسیس کم ٹھنڈا ہوتا ہے، جس کے باعث کنکریٹ سے بھرپور گنجان آبادی والے علاقوں میں دن رات گرمی برقرار رہتی ہے۔
مسلسل شدید گرمی سے متاثر علاقوں میں پرانا دہلی شہر، کرول باغ، کشمیری گیٹ آئی ایس بی ٹی، کناٹ پلیس کا اندرونی حلقہ، اتم نگر، پالَم، دبری، نجف گڑھ، کنجھاوالا، بدھ وہار، باوانہ اور نریلا شامل ہیں۔
دیگر متاثرہ علاقوں میں سمیع پور بادلی، بھلسوا، جہانگیر پوری، براری، شاہدرہ، بھجن پورہ، کراول نگر، غازی پور صنعتی علاقہ، بدرپور، مدن پور خادر، اوکھلا صنعتی علاقہ، تغلق آباد، سنگم وہار، مہی پال پور، آیا نگر، بھیکاجی کاما پلیس، اے آئی آئی ایم ایس، آر کے پورم، کوٹلہ مبارک پور، سرائے کالے خان، گرین پارک، گریٹر کیلاش، ایسٹ آف کیلاش اور لاجپت نگر کے بعض حصے شامل ہیں۔مطالعے میں انکشاف کیا گیا کہ باوانہ، مایاپوری، منڈکا، آنند پربت اور منگول پوری جیسے صنعتی علاقے شدید گرمی کے بڑے مراکز بن چکے ہیں۔ کئی رہائشی علاقوں میں زمینی سطح کا درجہ حرارت 44 سے 50 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ نے بھارت منڈپم، ایسٹ کڈوائی نگر ہاؤسنگ کمپلیکس، صفدر جنگ میں واقع ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور نیتا جی نگر جیسے نئے تعمیر شدہ اور ازسرِ نو ترقی یافتہ منصوبوں کو بھی گرمی سے متاثرہ قرار دیا ہے۔مطالعے کے مطابق گرمیوں کے دوران بعض مقامات، خصوصاً اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور غیر کاشت شدہ زرعی زمینوں میں زمینی سطح کا درجہ حرارت 60.77 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہلی کا سبزہ زار رقبہ 2014 میں 25.36 فیصد سے کم ہو کر 2024 میں 14.14 فیصد رہ گیا، جبکہ آبی ذخائر کا رقبہ بھی 1.25 فیصد سے گھٹ کر 0.99 فیصد ہو گیا۔مزید کہا گیا کہ شہر کے تقریباً 35 فیصد موجودہ سبز اور آبی علاقے خود بھی شدید گرمی سے متاثر ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ صرف سبز علاقوں کی تعداد بڑھانا کافی نہیں بلکہ ان کے معیار کو بھی بہتر بنانا ضروری ہے۔
اس کے برعکس لُٹینز دہلی، سول لائنز اور دہلی کینٹونمنٹ جیسے علاقے درختوں کی گھنی موجودگی اور سایہ دار ماحول کی وجہ سے شدید گرمی کی حد سے نیچے رہے۔ رپورٹ کے مطابق جمنا دریا بھی شہر کو کچھ حد تک ٹھنڈک فراہم کر رہا ہے، اور اس کے اطراف زمینی سطح کا درجہ حرارت تقریباً 33 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ "دہلی ایک بڑھتے ہوئے شہری گرمی کے بحران کی گرفت میں ہے" اور اگر صورتحال یہی رہی تو اس دہائی کے اختتام تک گرمی سے پیدا ہونے والے پیداواری نقصانات ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار کے 4.5 فیصد، یعنی تقریباً 150 سے 250 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔
اس تحقیق کے لیے سی ایس ای نے 2015 سے 2024 تک کے لینڈ سیٹ سیٹلائٹ ڈیٹا کا تجزیہ کیا تاکہ ان علاقوں کی نشاندہی کی جا سکے جہاں زمینی سطح کا درجہ حرارت بار بار 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرتا رہا۔محققین نے بچوں، بزرگوں، خواتین، تعمیراتی مزدوروں، ریڑھی فروشوں، بے گھر افراد اور غیر رسمی بستیوں میں رہنے والوں کی آبادی کا بھی جائزہ لیا اور ان کے مقامات کو گرمی سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ ملا کر شہر کے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار محلوں کی شناخت کی۔