پٹنہ : دو طالبات کو چھت سے نیچے پھینک دیا۔ ایک ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-02-2022
پٹنہ :  دو طالبات کو چھت سے نیچے پھینک دیا۔ ایک ہلاک
پٹنہ : دو طالبات کو چھت سے نیچے پھینک دیا۔ ایک ہلاک

 


پٹنہ : پٹنہ شہر کے بہادر پور میں دو نابالغ طالبات کو ایک سر پھرے نے ہاسٹل کی چھت سے نیچے پھینک دیا۔ حادثے میں ایک کی موت ہو گئی۔ دوسرے کو زخمی حالت میں پی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ دونوں لڑکیاں ایک دوسرے کی بہن تھیں۔ واقعہ کے بعد مشتعل لوگوں نے ہنگامہ کیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی بہادر پور پولیس پر لوگوں کی بھیڑ نے پتھراؤ شروع کردیا۔ پولیس کی کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔ اس حادثہ میں بہادر پور تھانہ انچارج، سلطان گنج تھانہ انچارج سمیت ایک درجن سے زیادہ پولس اہلکار بری طرح زخمی ہوگئے۔

معلومات کے مطابق دونوں بہنیں نند لال گپتا کی بیٹیاں تھیں جو رام کرشن نگر کالونی میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔ نند لال گپتا اتر پردیش کے دیوریا کے رہنے والے ہیں اور بہادر پور فروٹ منڈی میں پھلوں کا کاروبار کرتے ہیں۔ ان کی دو بیٹیاں سلونی (13 سال) اور سونالی (10 سال) تھیں۔ چھت سے گرنے سے بڑی بیٹی سلونی کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ سونالی شدید زخمی ہے۔

 واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے ملزم نوجوان سے چاقو برآمد کر لیا۔ اس سے پہلے اس نے اسے پکڑ کر خوب مارا۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے نوجوان کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے بہادر پور تھانے لے آئی۔

نوجوان کی شناخت وویک کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ رام کرشن نگر کالونی کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ وہ دربھنگہ کا رہنے والا ہے اور 2012 سے یہاں رہ کر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر رہا تھا۔ نوجوان ذہنی طور پر معذور بھی بتایا جاتا ہے۔ اس پورے واقعے میں بہت سے سوالات ہیں، جن کا جواب آنا باقی ہے۔ ملزم نوجوان وویک نے ایسا کیوں کیا؟ دونوں بہنیں اس ہاسٹل میں کیا کرنے گئی تھیں؟

 پٹنہ کے ایس ایس پی منوجیت سنگھ ڈھلون کے مطابق لڑکیوں کو پھینکنے والا لڑکا پولیس کی حراست میں ہے۔ اس نے ایسا کیوں کیا؟ اس بارے میں ابھی تک معلوم نہیں ہے۔ زخمی لڑکی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ لڑکی کا بیان لینے کے بعد ہی واقعے کی وجہ واضح ہوسکے گی۔