ایئر انڈیا کی پرواز منگولیا میں،مسافروں کے لیے ہوٹل میں قیام کا انتظام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-11-2025
ایئر انڈیا کی پرواز منگولیا میں،مسافروں کے لیے ہوٹل میں قیام کا انتظام
ایئر انڈیا کی پرواز منگولیا میں،مسافروں کے لیے ہوٹل میں قیام کا انتظام

 



 نئی دہلی : ایئر انڈیا کی سان فرانسسکو سے دہلی جانے والی پرواز نے راستے میں ممکنہ تکنیکی خرابی کے شبہے کے بعد منگولیا کے شہر اُلان باتر میں ہنگامی طور پر لینڈنگ کی۔

ایئر لائن کے بیان کے مطابق، پرواز کے تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا اور انہیں ہوٹل میں ٹھہرنے کا انتظام فراہم کیا گیا۔

ایئر انڈیا نے اپنے بیان میں کہا، "02 نومبر 2025 کی پرواز AI174، جو سان فرانسسکو سے دہلی کے لیے روانہ ہوئی تھی، نے اُلان باتر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر احتیاطی لینڈنگ کی۔ مقامی حکام اور ہمارے پارٹنرز کی مدد سے مسافروں کو فوری سہولت فراہم کی گئی۔ انہیں دورانِ پرواز کھانا دیا گیا، اور امیگریشن کارروائی کے بعد ہوٹل میں رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہم مسافروں کو دہلی پہنچانے کے لیے متبادل پرواز کا انتظام جلد از جلد کر رہے ہیں۔ اس غیر متوقع صورتحال سے ہونے والی تکلیف پر ایئر انڈیا معذرت خواہ ہے، تاہم یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔"

ترجمان نے بتایا کہ جہاز کی اُلان باتر میں محفوظ لینڈنگ ہوئی اور تکنیکی جانچ جاری ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر مسافروں کو سہولت دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں تاکہ انہیں جلد از جلد منزل تک پہنچایا جا سکے۔"

قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل 17 اکتوبر کو بھی ایک ایئر انڈیا پرواز تکنیکی مسئلے کے باعث منسوخ کر دی گئی تھی، جبکہ 19 اکتوبر کو کمپنی نے میلان سے دہلی کے لیے ایک اضافی پرواز چلانے کا اعلان کیا تھا۔