بھوپال
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے رہنماؤں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ کے احاطے میں ملک گیر سطح پر ایل پی جی گیس سلنڈروں کی مبینہ قلت کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھا۔
انڈین نیشنل کانگریس اور اتحاد انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان ایل پی جی کی مبینہ قلت کے مسئلے پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ایل پی جی کی کمی کے بحران نے ملک کے کئی حصوں کو متاثر کیا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کشیدگی کے عالمی اثرات اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی میں رکاوٹوں کے باعث مدھیہ پردیش کے بھوپال میں کئی ریستورانوں نے کام جاری رکھنے کے لیے انڈکشن چولہوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
یہاں واقع ساگر گیر فاسٹ فوڈ میں روایتی طریقۂ پکوان کے بجائے انڈکشن چولہوں پر کھانا تیار کیا جا رہا ہے تاکہ کام متاثر نہ ہو۔فوڈ آؤٹ لیٹ کے مالک دولراج گائرے نے اے این آئی کو بتایا کہ وہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنے زیادہ تر کام مکمل کر چکے ہیں جبکہ باقی کام بھی جلد مکمل ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا، “ہم انڈکشن کے ذریعے کام چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تقریباً 60 فیصد کام ہم پہلے ہی انڈکشن پر کر چکے ہیں اور باقی 10 سے 20 فیصد کام بھی چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا جب مزید انڈکشن دستیاب ہو جائیں گے۔ ہماری پوری کمرشل پیداوار اس وقت انڈکشن پر ہی ہو رہی ہے اور ہمارے تمام شیف اور عملہ اسی میں مصروف ہیں۔
گیس کی قلت کا بحران حیدرآباد میں بھی ریستورانوں کو سخت متاثر کر رہا ہے۔ ایک ریستوران مالک کے مطابق ایندھن کی کمی ان کے کاروبار کو شدید متاثر کر رہی ہے اور خاص طور پر ماہِ رمضان میں لکڑی کی قیمتوں میں مبینہ طور پر بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے جس سے صورتحال مزید مشکل ہو گئی ہے۔
حیدرآباد کے ریستوران ایم ایس منڈی کے مالک ندیم قادری نے بتایا كہ آج گیس کی قلت کی وجہ سے ہم لکڑی پر کھانا پکا رہے ہیں۔ تلنگانہ میں تقریباً تمام ہوٹل گیس کی کمی کی وجہ سے بند ہو چکے ہیں۔ صورتحال اتنی سنگین ہے کہ گیس کی بلیک مارکیٹنگ بھی ہو رہی ہے اور گیس کے ساتھ ساتھ لکڑی بھی بہت مہنگی ہو گئی ہے۔ اس سے ہمارے کاروبار پر بہت اثر پڑ رہا ہے، لیکن ہم کسی نہ کسی طرح لکڑی پر کھانا پکا کر لوگوں کو فراہم کر رہے ہیں۔ اس مقدس مہینے رمضان میں بھی ہم لکڑی پر کھانا تیار کر کے عوام کو فراہم کر رہے ہیں۔
ندیم نے مزید کہا کہ گیس کے ذریعے کام تیزی اور آسانی سے ہو جاتا ہے، جبکہ لکڑی پر کھانا پکانے کے لیے ایک یا دو اضافی افراد کی ضرورت پڑتی ہے اور اس سے ریستوران میں آلودگی بھی زیادہ ہوتی ہے۔ لکڑی پر پکانے سے ریستوران کے اندرونی حصوں پر بھی اثر پڑتا ہے۔
ادھر مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ گھریلو ایل پی جی کی پیداوار میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس وقت پوری گھریلو پیداوار کو گھریلو صارفین کے لیے مختص کیا جا رہا ہے۔
حکومت کے مطابق غیر گھریلو ایل پی جی کی فراہمی میں ترجیحی بنیادوں پر ضروری شعبوں جیسے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو گیس فراہم کی جا رہی ہے۔