پارلیمنٹ سے امتحانی اصلاحات کا ترمیمی بل منظور۔ پرچہ لیک پر سخت سزا کا قانون

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-07-2026
پارلیمنٹ سے امتحانی اصلاحات کا ترمیمی بل منظور۔ پرچہ لیک پر سخت سزا کا قانون
پارلیمنٹ سے امتحانی اصلاحات کا ترمیمی بل منظور۔ پرچہ لیک پر سخت سزا کا قانون

 



نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پارلیمنٹ سے پبلک ایگزامینیشنز پریوینشن آف ان فیئر مینز ترمیمی بل 2026 کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون ایک قابل اعتماد امتحانی نظام کی تشکیل کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امتحانی پرچے لیک کرنے میں ملوث افراد کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔راجیہ سبھا سے بل کی منظوری کے بعد انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت امتحانی نظام کو مضبوط اور شفاف بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوستو۔ ایک قابل اعتماد امتحانی نظام کے لیے ہم مسلسل ایک کے بعد ایک قدم اٹھا رہے ہیں۔ چاہے وہ شفافیت پیدا کرنے کا معاملہ ہو۔ تیز رفتار نظام کی تشکیل ہو یا ریاستوں کی تجاویز کو مدنظر رکھنا ہو۔ کئی دہائیوں سے ہر ریاست اور مرکزی حکومت کو پرچہ لیک ہونے جیسے مسئلے کا سامنا رہا ہے۔ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے بھی ایک سنگین بحران پیدا کر رہا ہے۔"وزیر اعظم نے کہا کہ ان تمام امور کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں تعلیمی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں اور امتحانات سے متعلق بدعنوانیوں کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کا وسیع اور مؤثر استعمال ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے تمام ریاستوں اور مرکز دونوں سطحوں پر تعلیمی نظام میں اصلاحات لازمی ہو گئی ہیں۔ ٹیکنالوجی کے بھرپور اور مؤثر استعمال کی ضرورت ہے۔"نریندر مودی نے زور دے کر کہا کہ پرچہ لیک کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پرچہ مافیا ہے۔ اگر کوئی گروہ پرچے لیک کرنے میں ملوث ہے۔ اگر کوئی گروہ ملک کے بچوں کے مستقبل سے کھیل رہا ہے تو اسے ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔ اسی لیے سخت قوانین بھی ضروری ہیں۔"

پارلیمنٹ سے بل کی منظوری کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جیسا وعدہ کیا گیا تھا ویسا ہی ہوا۔ صرف دو دن کے اندر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زیادہ سے زیادہ ارکان نے اس پر تفصیلی بحث کی اور دونوں ایوانوں نے سخت قانونی دفعات کے ساتھ اس بل کو منظور کر لیا۔

انہوں نے کہا کہہم یہ بل پارلیمنٹ میں لائے تھے اور جیسا کہ میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا صرف دو دن کے اندر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں معزز ارکان نے اس پر تفصیل سے بحث کی اور آج دونوں ایوانوں نے سخت قانونی دفعات کے ساتھ اس بل کو منظور کر لیا ہے۔وزیر اعظم نے اس قانون سازی کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت امتحانی نظام کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب ایک قابل اعتماد امتحانی نظام کی جانب بڑھنے کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ یہ کام آگے بھی جاری رہے گا۔ ہم ایسے حالات کو زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رہنے دیں گے۔ اسی اعتماد کے ساتھ آئیے ہم سب مل کر وکست ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے ہاتھ سے ہاتھ ملا کر آگے بڑھیں۔"لوک سبھا سے منظوری کے بعد پبلک ایگزامینیشنز پریوینشن آف ان فیئر مینز ترمیمی بل 2026 جمعرات کو راجیہ سبھا سے بھی منظور کر لیا گیا۔ اس بل میں عوامی امتحانات میں نقل اور پرچہ لیک کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت سزاؤں۔ مقررہ مدت میں تحقیقات اور خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔

اب یہ بل صدر جمہوریہ کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔

راجیہ سبھا میں بل کی منظوری سے قبل اپوزیشن کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

 راجیہ سبھا میں بحث کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے تعلیمی شعبے میں حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات کا ذکر کیا جن میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور ملک بھر میں جامعات کی تعداد میں اضافہ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایسا معاملہ ہے جس کا تعلق اس ملک کے ہر والدین اور ہر خاندان سے ہے۔ ہمارے نوجوان بچے ملک کا ایک بہت بڑا سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے تقریباً 7.65 کروڑ طلبہ مستفید ہوں گے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہم نے مینجمنٹ کوٹہ کی خرابیوں سے نظام کو آزاد کرانے کے لیے نہایت سنجیدہ کوششیں کی ہیں اور طبی تعلیم کو زیادہ سے زیادہ قابل رسائی بنانے کی سمت کام کیا ہے۔"انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کو تعلیمی نظام کے لیے "گیم چینجر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی نے طلبہ کو اپنی تعلیم کے انتخاب میں زیادہ آزادی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کا سب سے بڑا گیم چینجر قومی تعلیمی پالیسی 2020 ہے کیونکہ اس نے طلبہ کو والدین۔ سرپرستوں اور بزرگوں کی جانب سے کیے جانے والے انتخاب کی غلامی سے آزاد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قانون طلبہ اور نوجوانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ ان کے مطابق نئے قانون کے تحت تحقیقات دو ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا جبکہ فرد جرم داخل ہونے کے بعد مقدمے کی سماعت تین ماہ کے اندر مکمل کرنا ہوگی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پرچہ لیک کو نہایت سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ریاستی حکومتوں اور سابق مرکزی حکومتوں کے ادوار میں بھی اس نوعیت کے متعدد واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں جامعات کی تعداد 760 سے بڑھ کر 1293 ہو گئی ہے جبکہ 400 ایکلویہ اسکول بھی ملک بھر میں کام کر رہے ہیں۔

اس سے قبل راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملیکارجن کھرگے نے بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صرف "ظاہری تبدیلیاں" کی ہیں جو عوامی امتحانات میں بدعنوانیوں کو روکنے کے لیے کافی نہیں ہوں گی۔اگرچہ کانگریس نے اس قانون سازی کی حمایت کی لیکن کھرگے نے کہا کہ بل میں ایسے سخت اور مؤثر ضابطے شامل نہیں ہیں جو شفاف اور پرچہ لیک سے پاک امتحانات کی ضمانت دے سکیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو صرف اس وقت کارروائی کرنا پڑی جب طلبہ نے پرچہ لیک۔ امتحانی بے ضابطگیوں اور ادارہ جاتی خامیوں کے خلاف آواز بلند کی۔ملیکارجن کھرگے نے نوجوانوں کے لیے "قومی نوجوان روزگار حکمت عملی" پیش کرنے اور ہر سال امتحانات کا ایک مقررہ قومی کیلنڈر نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا۔"سرمایہ کاری اسی وقت نوجوانوں کے لیے معنی خیز ہوگی جب اس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر معیاری روزگار پیدا ہوگا۔ اسی لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت پارلیمنٹ کے سامنے ایک قومی نوجوان روزگار حکمت عملی پیش کرے جس میں واضح کیا جائے کہ سرمایہ کاری پر مبنی پالیسی اور کاروباری ماحول کس طرح تشکیل دیا جائے اور ان تمام پہلوؤں کو اس میں شامل کیا جائے۔"

کانگریس رہنما نے سرکاری ملازمتوں خصوصاً درج فہرست ذاتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے مختص خالی آسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے احتجاج کرنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی کی ہائی کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا۔"میرے مطالبات بہت سادہ ہیں۔ پہلا یہ کہ ملک میں ہر سال امتحانات کا ایک مقررہ کیلنڈر ہونا چاہیے تاکہ طلبہ کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دوسرا یہ کہ اس معاملے کی تحقیقات سپریم کورٹ کی مقرر کردہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی سے کرائی جائیں تاکہ حقیقت سامنے آسکے اور ذمہ داری کا تعین ہو۔ تیسرا یہ کہ سرکاری شعبے اور حکومتی اداروں کی تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے۔ چوتھا یہ کہ امن و امان سے متعلق تمام واقعات جن میں لاٹھی چارج۔ خواتین کو گھسیٹنا اور لوگوں اور بچوں کی پٹائی شامل ہے ان کی تحقیقات ہائی کورٹ کی نگرانی میں کرائی جائیں۔"

مجوزہ ترمیمی بل میں نقل اور دیگر ناجائز ذرائع اختیار کرنے والے افراد کے لیے سزا کو موجودہ کم از کم تین سال اور زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید سے بڑھا کر کم از کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ دس سال قید کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اسی طرح زیادہ سے زیادہ جرمانہ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔بل کے مطابق اگر کسی امتحانی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کا جرم میں ملوث ہونا ثابت ہوتا ہے تو اس پر زیادہ سے زیادہ 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جاسکے گا جبکہ عوامی امتحانات کے انعقاد سے اس کی نااہلی کی مدت چار سال سے بڑھا کر آٹھ سال کردی جائے گی۔منظم امتحانی جرائم کے لیے ترمیمی بل میں کم از کم سزا پانچ سال سے بڑھا کر سات سال اور زیادہ سے زیادہ سزا دس سال تک رکھنے کی تجویز ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ ایک کروڑ روپے سے بڑھا کر 10 کروڑ روپے کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

بل کے تحت مرکزی حکومت کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ پرچہ لیک اور امتحانات سے متعلق جرائم کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے سکے۔ترمیمی بل میں نئی دفعہ 12 اے شامل کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے جس کے تحت تحقیقات دو ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ اس قانون کے تحت سیشن عدالتوں کو خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتوں کے طور پر نامزد کیا جائے گا جہاں روزانہ کی بنیاد پر مقدمات کی سماعت ہوگی۔ فرد جرم داخل ہونے کے تین ماہ کے اندر مقدمے کا فیصلہ کرنا لازمی ہوگا جبکہ ہر خصوصی فاسٹ ٹریک عدالت کے لیے خصوصی سرکاری وکیل بھی مقرر کیے جائیں گے۔