پیپر لیک معاملہ : راہل گاندھی کی مودی حکومت پر تنقید

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2026
 پیپر لیک معاملہ : راہل گاندھی کی مودی حکومت پر تنقید
پیپر لیک معاملہ : راہل گاندھی کی مودی حکومت پر تنقید

 



نئی دہلی: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بار بار ہونے والے مسابقتی امتحانات کے پرچہ لیک اور امتحانات کی منسوخی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر متاثرہ طلبہ اور غمزدہ خاندانوں سے بے حسی برتنے کا الزام بھی عائد کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے کہا کہ کسی بھی والدین کے لیے اپنے بچے کو کھونا سب سے بڑا دکھ ہے، اور ہر نوجوان کی موت کے پیچھے ایک ایسا خاندان ہے جس کا درد کبھی ختم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حالات ملک کے تعلیمی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ طلبہ سے ایک ایسے نظام میں ایمانداری کی توقع کی جا رہی ہے جو خود ان کے ساتھ ایماندار نہیں ہے۔ ان کے مطابق، "پرچے لیک ہوتے ہیں، امتحانات منسوخ کر دیے جاتے ہیں، اور برسوں کی محنت ایک ہی رات میں برباد ہو جاتی ہے۔"

راہل گاندھی نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو "معاف کرنے" کی بات کرنا مناسب نہیں، کیونکہ انہوں نے نہ کسی غمزدہ والدین سے ملاقات کی اور نہ ہی کسی ایسے طالب علم سے ملے جس کا مستقبل پرچہ لیک ہونے کی وجہ سے متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا، "ہندوستان کے طلبہ کو وزیر اعظم کی معافی نہیں، بلکہ ان سے معذرت درکار ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں پرچہ لیک، امتحانات کی اچانک منسوخی اور نتائج میں تاخیر کے باعث لاکھوں طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ میں شدید ناراضی پائی جا رہی ہے۔ ادھر حکومت نے امتحانات میں بدعنوانیوں پر قابو پانے کے لیے لوک پریکشا (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ترمیمی قانون، 2026 منظور کیا ہے، جس میں سخت سزاؤں، مقررہ مدت میں تحقیقات اور فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کی دفعات شامل ہیں۔