امرتسر : پاکستان نے بدھ کے روز بارڈر سیکیورٹی فورس کے جوان پرنام کمار شا کو ہندوستان کے حوالے کر دیا، جو 21 دن قبل پنجاب میں بین الاقوامی سرحد کے قریب آپریشنل ڈیوٹی کے دوران غلطی سے پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تھا اور پاکستان رینجرز نے اسے حراست میں لے لیا تھا۔
بی ایس ایف کے ترجمان کے مطابق، پاکستانی رینجرز نے صبح 10:30 بجے امرتسر ضلع کے اٹاری میں مشترکہ چیک پوسٹ پر شا کو ہندوستانی حکام کے حوالے کیا۔ یہ مقام پاکستان کے واہگہ کے بالکل سامنے ہے۔ بی ایس ایف کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں پرنام کمار شا کو داڑھی کے ساتھ، بکھرے بالوں میں اور گہرے سبز رنگ کی گول گلاہ ٹی شرٹ پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا، آج صبح 10:30 بجے کانسٹیبل پرنام کمار شا کو بی ایس ایف نے پاکستان سے اٹاری-واہگہ بارڈر پر واپس لیا۔
شا 23 اپریل کو تقریباً 11:50 بجے فیروزپور سیکٹر میں آپریشنل ڈیوٹی کے دوران غلطی سے پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تھا، جہاں اسے پاکستان رینجرز نے گرفتار کر لیا تھا۔ حکام کے مطابق، بی ایس ایف کے اہلکار شا کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد اسے مشاورت اور "ڈی بریفنگ" کے عمل سے گزارا جائے گا، جہاں اس سے پاکستان میں 21 دن کی حراست سے متعلق اہم سوالات کیے جائیں گے۔ شا کا تعلق بی ایس ایف کی 24ویں بٹالین سے ہے اور فی الحال اسے فعال ڈیوٹی پر نہیں لگایا جائے گا۔
اس واقعے کی مکمل تفتیش پنجاب فرنٹیئر بی ایس ایف کے تحت کی جائے گی تاکہ گرفتاری کی وجوہات اور ممکنہ کوتاہیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ جوان کی حوالگی پرامن طریقے سے اور طے شدہ پروٹوکول کے تحت کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا، پاکستان رینجرز کے ساتھ باقاعدہ فلیگ میٹنگز اور دیگر رابطہ ذرائع کے ذریعے بی ایس ایف کی مسلسل کوششوں سے پرنام کمار شا کی واپسی ممکن ہوئی۔ شا کی گرفتاری پہلگام حملے کے اگلے ہی روز ہوئی تھی، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
شا 'کسان گارڈ' فورس کا حصہ تھا، جو اُن ہندوستانی کسانوں کی حفاظت پر مامور ہوتی ہے جو باڑ کے آگے اپنی زمین پر کھیتی کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق، وہ سرحد کی سیدھ کا اندازہ غلط لگا بیٹھا اور ایک قریبی درخت کے نیچے آرام کرنے کی نیت سے آگے بڑھا، جہاں سے پاکستان رینجرز نے اسے گرفتار کر لیا۔
شا کا تعلق مغربی بنگال کے ہوڑہ ضلع کے رشڑا علاقے سے ہے۔ اس کی بیوی مسلسل بی ایس ایف افسران اور میڈیا سے رابطے میں رہیں، اور اپنے شوہر کی خیریت اور جلد واپسی کے لیے اپیل کرتی رہیں، خاص طور پر آپریشن سندھور کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر۔