بلوچستان: ماہی گیروں کا احتجاج، سمندر کے لیے نئی پابندیوں پر شدید اعتراض

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-07-2026
بلوچستان: ماہی گیروں کا احتجاج، سمندر  کے لیے نئی پابندیوں پر شدید اعتراض
بلوچستان: ماہی گیروں کا احتجاج، سمندر کے لیے نئی پابندیوں پر شدید اعتراض

 



گوادرپاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں ماہی گیروں نے ساحلی علاقوں میں مچھلی پکڑنے سے قبل پاکستانی سکیورٹی اداروں اور متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت لینے کی نئی شرط کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ یہ اطلاع دی بلوچستان پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں دی ہے۔رپورٹ کے مطابق مظاہرین کا کہنا ہے کہ نئی ہدایات سے ان کے روزگار پر شدید منفی اثر پڑے گا اور ہزاروں ماہی گیر خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔

دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق گوادر محکمہ ماہی گیری نے حال ہی میں ایک عوامی نوٹس جاری کیا ہے جس میں تمام کشتی مالکان۔ کشتی چلانے والوں اور ماہی گیروں کو ساحلی سمندر میں جانے سے پہلے متعلقہ پاکستانی سکیورٹی اداروں سے اجازت حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

احتجاج کرنے والے ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ سمندر ہی ان کی آمدنی کا واحد ذریعہ ہے اور مچھلی پکڑنے پر مزید پابندیاں ان خاندانوں کی بقا کے لیے خطرہ بن جائیں گی جو نسلوں سے اسی پیشے سے وابستہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے کہا کہ نئی پابندیوں کے باعث مچھلی پکڑنے کا وقت کم ہو جائے گا۔ روزمرہ کا کام متاثر ہوگا اور پہلے سے مشکلات کا شکار ماہی گیر برادری مزید غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگی۔

مظاہرین نے پاکستانی حکومت اور متعلقہ سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور ماہی گیر برادری کے نمائندوں سے مشاورت کی جائے۔دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق احتجاج کرنے والوں نے اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی تقاضوں اور مقامی ماہی گیروں کی معاشی ضروریات کے درمیان متوازن حل نکالا جائے تاکہ ان کے روزگار کو نقصان نہ پہنچے۔

ماہی گیروں نے خبردار کیا کہ اگر پابندیاں واپس نہ لی گئیں یا ان میں نرمی نہ کی گئی تو احتجاج کو بلوچستان کے دیگر ساحلی علاقوں تک وسیع کیا جائے گا۔بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا مگر کم آبادی والا صوبہ ہے جہاں سیاسی محرومی۔ جبری گمشدگیوں۔ مقامی وسائل پر محدود اختیار اور پسماندگی جیسے مسائل کے باعث طویل عرصے سے بے چینی پائی جاتی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں اور بلوچ کارکن متعدد بار پاکستانی حکام پر اختلاف رائے کو دبانے اور صوبے میں سخت سکیورٹی اقدامات نافذ کرنے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق گوادر کے ساحلی علاقوں میں مقامی ماہی گیر اس سے قبل بھی ماہی گیری پر عائد پابندیوں اور سمندری وسائل تک رسائی میں رکاوٹوں کے خلاف احتجاج کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی پالیسیوں اور بڑے ترقیاتی منصوبوں نے ان کے روایتی ذریعہ معاش کو متاثر کیا ہے۔