حیدرآباد/ آواز دی وائس
آل انڈیا مجلسِ اتحادُ المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی نے ایران میں جاری بدامنی کے درمیان وہاں پھنسے ہندوستانی طلبہ کی سلامتی اور خیریت پر تشویش ظاہر کی ہے اور مرکز سے فوری طور پر انخلا (ایویکیوشن) کا منصوبہ تیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
حالیہ سفارتی رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اطمینان بخش بات ہے کہ وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے اپنے ایرانی ہم منصب سے بات کی ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ زمینی سطح پر فوری کارروائی بھی ضروری ہے۔
اویسی نے بتایا کہ انہیں شاہد بہشتی یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہندوستانی طلبہ کے والدین کی جانب سے پریشان کن فون کالز موصول ہوئی ہیں۔ اس یونیورسٹی میں اس وقت تقریباً 70 سے 80 ہندوستانی طلبہ پڑھ رہے ہیں، جن میں سے 5 سے 8 طلبہ حیدرآباد سے تعلق رکھتے ہیں۔
اویسی نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ایران میں اپنے ہم منصب سے بات کی ہے، لیکن حکومتِ ہند اور وزیرِ خارجہ سے میری فوری گزارش ہے کہ ایران میں سینکڑوں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، خاص طور پر شاہد بہشتی یونیورسٹی میں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ایران میں انٹرنیٹ بند ہے۔ دوسرا یہ کہ والدین ٹکٹ بھی نہیں خرید پا رہے کہ اپنے بچوں کو بھیج سکیں۔ تیسرا، بہت سے طلبہ غریب پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے پاس ٹکٹ خریدنے کے لیے مالی وسائل نہیں ہیں۔ اویسی نے الزام لگایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ہندوستانی طلبہ کے پاسپورٹس روک رکھے ہیں۔ ان کے مطابق،یونیورسٹی طلبہ کو پاسپورٹس واپس نہیں دے رہی یا انہیں ایران چھوڑ کر ہندوستان واپس آنے کی اجازت نہیں دے رہی۔
اس صورتحال کو جذباتی طور پر انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے اویسی نے کہا کہ رابطے کے مکمل فقدان اور غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے والدین شدید اذیت میں ہیں۔ انہوں نے مرکز سے اپیل کی کہ ایران میں پھنسے سینکڑوں ہندوستانی طلبہ کے لیے ایک جامع انخلا منصوبہ تیار کیا جائے، کیونکہ بروقت مداخلت گھبراہٹ اور مشکلات کو روکنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
اے آئی ایم آئی ایم کے صدر نے مزید کہا کہ والدین بہت جذباتی ہو رہے ہیں اور ان کی بے چینی اس وجہ سے مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں سے بات بھی نہیں کر پا رہے کیونکہ وہاں انٹرنیٹ بند ہے۔ مجھے امید ہے اور میں درخواست کرتا ہوں کہ حکومتِ ہند ایک انخلا منصوبہ تیار کرے تاکہ ایران میں اس وقت پھنسے ان سینکڑوں طلبہ کو واپس لایا جا سکے۔ مہاراشٹر میں جاری بلدیاتی انتخابات پر بات کرتے ہوئے اویسی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 29 میونسپل کارپوریشنز، جن میں بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) بھی شامل ہے، میں ہونے والے شہری انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو آگے آ کر مہاراشٹر میں ہو رہے بلدیاتی انتخابات میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے۔ یہ آپ کو اپنی پسند اور ناپسند کے اظہار کا اچھا موقع دیتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی نے "انتہائی کامیاب مہم" چلائی ہے اور وہ مثبت نتائج کے لیے پُرامید ہیں۔ ممبئی میں ٹھاکرے برادران کے درمیان اتحاد سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے اویسی نے کہا کہ اس کا اثر زیادہ تر ممبئی تک ہی محدود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی میں جو ہوگا، وہ ممبئی تک ہی محدود رہے گا۔ لوگ آج ووٹ ڈالیں گے اور کل تک انہیں معلوم ہو جائے گا کہ اس کا کیا اثر پڑا۔