مدرسوں پر تنقید کرنے والوں کو اویسی کا سخت جواب

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2026
مدرسوں پر تنقید کرنے والوں کو اویسی کا سخت جواب
مدرسوں پر تنقید کرنے والوں کو اویسی کا سخت جواب

 



نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے بدھ کے روز اسلامی تعلیمی اداروں، خصوصاً مدارس، پر تنقید کرنے والے سیاسی رہنماؤں کو سخت جواب دیا۔ انہوں نے خاص طور پر اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے بیانات کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مدارس کی تاریخی اور آئینی حیثیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں اویسی نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس مضبوط سیاسی بنیاد نہیں ہوتی، وہ مدارس کو نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’کیشو موریہ صرف مدارس پر حملہ کر سکتے ہیں، کیونکہ ان کی کرسی دراصل ایک اسٹول ہے۔ جن لوگوں کو انگریزوں سے محبت تھی، وہ مدارس کو کیسے پسند کر سکتے ہیں؟ مدارس انگریزوں کے خلاف سازشوں اور آزادی کی جدوجہد کے مراکز تھے۔

مدارس نے بے شمار مجاہدینِ آزادی پیدا کیے، جبکہ ساورکر انگریزوں کو رحم کی درخواستیں لکھ رہے تھے۔‘‘ اویسی نے مدارس کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی کئی ممتاز شخصیات نے اپنی ابتدائی تعلیم مدارس یا مکتب میں حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان کے پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد نے ابتدائی تعلیم ایک مدرسے میں حاصل کی تھی۔ منشی پریم چند اور راجا رام موہن رائے نے بھی مدارس میں تعلیم پائی۔

آئین کا آرٹیکل 30 ہر اقلیتی برادری کو اپنے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور چلانے کا حق دیتا ہے۔‘‘ تاریخی طور پر دارالعلوم دیوبند جیسے کئی بڑے مدارس اور ان سے وابستہ تعلیمی اداروں نے برطانوی استعمار کے خلاف جدوجہد میں فعال کردار ادا کیا تھا۔ ان اداروں سے وابستہ متعدد علما نے تحریکِ خلافت سمیت آزادی کی مختلف تحریکوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ڈاکٹر راجندر پرساد نے اپنی خود نوشت "An Autobiography" میں بھی لکھا ہے کہ بچپن میں انہیں اپنے گاؤں کے ایک مکتب بھیجا گیا تھا، جہاں انہوں نے ایک مولوی صاحب سے فارسی سیکھی تھی۔ تاریخی ریکارڈ اور ادبی سوانح میں یہ بھی درج ہے کہ انیسویں صدی کے دیہی ہندوستان میں جدید ابتدائی تعلیمی نظام عام نہ ہونے کی وجہ سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے بچے مقامی اساتذہ، مکتب یا مدارس میں فارسی، اردو یا عربی کی ابتدائی تعلیم حاصل کرتے تھے۔

اویسی نے دہشت گردی کے مسئلے پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’’آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ناتھورام گوڈسے تھا، جو کسی مدرسے کا طالب علم نہیں تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کسی آئینی عہدے پر فائز شخص کی جانب سے ’’زہریلی زبان‘‘ استعمال کرنا انتہائی شرمناک ہے۔

اویسی نے لکھا، ’’جب کرسیوں کی کمی ہو تو اسٹول پر بیٹھے لوگوں کے پاس سیاسی اہمیت برقرار رکھنے کے لیے زہر اگلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہتا۔‘‘ یہ لفظی جنگ اس وقت شروع ہوئی جب اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مدارس کی تعلیم کو عالمی دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے کہا تھا کہ ’’یہ حقیقت ہے کہ ہندوستان اور دنیا بھر میں ہونے والے بڑے دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے مدرسوں کی تعلیم کا کردار رہا ہے۔‘‘