اویسی نے حج کے لیے ہوائی جہاز کے کرایے میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-04-2026
اویسی نے حج کے لیے ہوائی جہاز کے کرایے میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کیا
اویسی نے حج کے لیے ہوائی جہاز کے کرایے میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کیا

 



نئی دہلی
حج پر جانے والے مسافروں کے کرائے کے معاملے پر اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ اویسی نے لکھا کہ حج کمیٹی حج مسافروں سے “ہوائی کرایے میں فرق” کے نام پر اضافی 10,000 روپے طلب کر رہی ہے۔ یہ اس وقت ہو رہا ہے جب چند ماہ قبل ہی ممبئی سے روانہ ہونے والے ہر مسافر سے 90,844 روپے وصول کیے جا چکے ہیں، جو عام مسافروں کے موجودہ کرایوں سے تقریباً دوگنا ہے۔ اویسی نے اپنے پوسٹ میں نوٹس کی تصویر بھی شیئر کی۔
اویسی نے کہا کہ کیا حج مسافر حج کمیٹی کے ذریعے جانے کی سزا بھگت رہے ہیں؟ یہ سراسر استحصال ہے اور کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر حج مسافر امیر نہیں ہوتے بلکہ وہ حج پر جانے کے لیے برسوں تک پیسے جمع کرتے ہیں، اور ان کے لیے یہ کوئی عیش و عشرت نہیں بلکہ ایک مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سرکلر کو فوراً واپس لیا جائے اور حج مسافروں سے لی گئی اضافی رقم واپس کی جائے۔
نوٹس میں کیا کہا گیا؟
مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے پیش نظر حکومت کی جانب سے حج مسافروں کے لیے ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ وزارتِ اقلیتی امور کی طرف سے جاری اس نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ 2026 میں حج پر جانے والے تمام مسافروں کو اضافی 10 ہزار روپے جمع کروانے ہوں گے، اور یہ رقم 15 مئی تک ادا کرنا لازمی ہوگی۔
نوٹس کے مطابق، مسافر کسی بھی شہر چاہے ممبئی ہو، دہلی یا کوئی اور مقام—سے سفر کر رہا ہو، اسے یہ اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اس حوالے سے تمام مسافروں کو مطلع کر دیا ہے، جبکہ اسدالدین اویسی نے اس اقدام کو استحصال قرار دیا ہے۔