نئی دہلی:خصوصی پارلیمانی اجلاس کے آغاز سے چند گھنٹے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان خواتین کے اختیار کی سمت ایک تاریخی قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے ایک پیغام میں کہا کہ آج سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں ملک خواتین کے اختیار کے لیے ایک اہم قدم بڑھانے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ماؤں اور بہنوں کا احترام دراصل قوم کا احترام ہے اور اسی جذبے کے ساتھ ہم اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
ادھر لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس خواتین کے ریزرویشن کی حمایت کرتی ہے لیکن وہ حکومت کو دیگر پسماندہ طبقات دلت اور آدیواسی برادریوں کے حصے میں کمی کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے اس اقدام کو غیر قومی قرار دیا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کے ساتھ ساتھ حلقہ بندی کا عمل صرف 2026 کی مردم شماری کی بنیاد پر ہونا چاہیے اور ذات پر مبنی مردم شماری کو بھی مدنظر رکھا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ موجودہ تجویز کا خواتین کے ریزرویشن سے کوئی براہ راست تعلق نہیں ہے بلکہ یہ طاقت حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پسماندہ طبقات دلت اور آدیواسی برادریوں کے حقوق میں کمی برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی چھوٹی ریاستوں یا مختلف خطوں کے ساتھ ناانصافی ہونے دیں گے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے 2023 میں منظور شدہ ناری شکتی وندن ادھینیم کو عملی طور پر نافذ کرنا چاہیے۔
مرکزی حکومت نے 16 سے 18 اپریل تک پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔
حکومت 2029 کے عام انتخابات سے قبل خواتین کے ریزرویشن کو نافذ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس کے لیے 2023 کے قانون میں ترمیم اور آئینی تبدیلی کی تجویز زیر غور ہے تاکہ حلقہ بندی کے عمل کو مردم شماری سے الگ کیا جا سکے۔
حکومت نے لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے جن میں 815 نشستیں ریاستوں کے لیے اور 35 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے ہوں گی۔ فی الحال لوک سبھا میں 543 نشستیں موجود ہیں۔
مجوزہ حلقہ بندی بل کی مخالفت کافی عرصے سے جاری ہے اور حالیہ دنوں میں اس میں شدت آئی ہے۔
اسی دوران تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے اس بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس کی کاپی جلائی اور ریاست بھر میں اس کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔