آگستھی مالائی محفوظ جنگلات سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2026
آگستھی مالائی محفوظ جنگلات سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم
آگستھی مالائی محفوظ جنگلات سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے تمل ناڈو اور کیرالہ کے آگستھی مالائی ماحولیاتی خطے میں محفوظ جنگلاتی علاقوں پر ہونے والی تجاوزات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک مقررہ مدت پر مبنی منصوبہ فوری طور پر تیار کرکے نافذ کیا جائے۔

عدالتِ عظمیٰ نے یہ بھی ہدایت دی کہ تجاوزات میں ملوث پائے جانے والے 118 حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی شروع کی جائے۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ آگستھیمالائی کے محفوظ علاقوں، جن میں کالاکاڈ مندن تھورائی ٹائیگر ریزرو، سری ولی پتھور-میگاملائی ٹائیگر ریزرو اور کنیا کماری وائلڈ لائف سینکچری شامل ہیں، میں تجاوزات کئی دہائیوں سے جاری ہیں، حالانکہ مدراس ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ پہلے بھی اس سلسلے میں احکامات جاری کر چکی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ صرف انتظامی ذمہ داری یا قوانین پر عمل درآمد کا نہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور ریاست کی آئینی ذمہ داری سے متعلق ہے، جس کے تحت حساس ماحولیاتی نظام اور نایاب جنگلی حیات کو موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ 29 مئی کو سنائے گئے فیصلے میں عدالت نے مرکزی بااختیار کمیٹی (CEC) کی جولائی 2025 کی عبوری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آگستھیمالائی ماحولیاتی خطہ 3,500.36 مربع کلومیٹر پر محیط ہے اور تمل ناڈو و کیرالہ کے متعدد اضلاع تک پھیلا ہوا ہے۔

ضلع تھینی کے مجسٹریٹ کی رپورٹ کے مطابق 4,601 تجاوز کنندگان نے محفوظ جنگلات کی 5,072.653 ہیکٹر زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، جبکہ اب تک صرف 1.8 فیصد اراضی ہی واگزار کرائی جا سکی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جنگلاتی علاقوں میں 116 سرکاری اور عوامی سہولیات کی عمارتیں بغیر پیشگی اجازت تعمیر کی گئیں۔ عدالت نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کرنے والوں میں 118 سرکاری ملازمین شامل ہیں، جن میں فوج، پولیس، سی آر پی ایف، محکمہ جنگلات، محکمہ محصولات، بجلی بورڈ، آنگن واڑی، محکمہ تعلیم، پنچایت اور دیگر محکموں کے موجودہ یا سابق اہلکار شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ایک ماہ کے اندر تجاوزات ہٹانے کا تفصیلی منصوبہ تیار کرکے سی ای سی کے سامنے پیش کیا جائے، جس میں واضح مدت، اہداف اور ذمہ دار افسران کا تعین ہو۔ عدالت نے کہا کہ منصوبے میں تجاوزات ختم کرنے، ضرورت پڑنے پر بحالی، جان بوجھ کر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور زمین کی ماحولیاتی بحالی کے اقدامات شامل ہوں تاکہ دوبارہ قبضہ نہ ہو سکے۔ عدالت نے تمام 118 سرکاری ملازمین کے خلاف تمل ناڈو گورنمنٹ سرونٹس کنڈکٹ رولز 1973 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کا حکم بھی دیا۔

مزید برآں، عدالت نے کہا کہ جنگلاتی علاقوں میں قائم تمام غیر قانونی ریزورٹس، تجارتی ادارے اور سیاحتی ڈھانچے فوری طور پر بند کرکے قانون کے مطابق مسمار کیے جائیں۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ریاستی حکومت عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں ناکام رہی تو سی ای سی تجاوزات کے خاتمے کے لیے نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کی سفارش کر سکتی ہے۔ عدالت نے دونوں ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ پیش رفت سے متعلق ماہانہ رپورٹیں سی ای سی کو جمع کرائیں۔