نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز دہلی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ قومی دارالحکومت کے تمام پولیس تھانوں کا جامع سروے کرے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہاں خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے قابلِ استعمال سینیٹری پیڈ وینڈنگ مشینیں اور علیحدہ واش روم موجود ہیں یا نہیں۔ عدالت نے اس معاملے پر حکام سے اسٹیٹس رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے دہلی پولیس کو یہ سروے چھ ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں وزارتِ داخلہ، دہلی پولیس اور حکومتِ قومی راجدھانی علاقہ دہلی (GNCTD) کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔
یہ ہدایات جسٹس فار رائٹس فاؤنڈیشن نامی ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کی جانب سے دائر مفادِ عامہ کی عرضی (PIL) کی سماعت کے دوران جاری کی گئیں۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہلی پولیس کے تمام تھانوں اور یونٹس میں خواتین اہلکاروں کے لیے سینیٹری پیڈ وینڈنگ مشینیں، استعمال شدہ پیڈ تلف کرنے کے لیے انسینیریٹرز (جلانے والی مشینیں) اور صاف ستھرے، علیحدہ واش رومز فراہم کیے جائیں۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس میں تعینات خواتین اہلکاروں کے لیے ماہواری کے دوران بنیادی حفظانِ صحت کی سہولتوں کا مسلسل فقدان ہے، جو ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ آئین کے آرٹیکل 14، 15 اور 21 کے تحت خواتین اہلکاروں کو وقار، صحت، رازداری اور انسانی کام کے ماحول کا حق حاصل ہے، جس میں ماہواری سے متعلق ضروری سہولتیں بھی شامل ہیں۔ یہ عرضی وکلا کارنیکا بہوگنا، پوجا کشواہ اور آدرش سنگھ کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔ اس کی بنیاد 2025 میں دہلی پولیس کو بھیجی گئی آر ٹی آئی درخواستوں پر ہے، جن میں مختلف اضلاع میں سینیٹری پیڈ مشینوں، استعمال شدہ پیڈ تلف کرنے کی سہولتوں اور خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز کی دستیابی سے متعلق معلومات طلب کی گئی تھیں۔
عرضی کے مطابق، دہلی پولیس کے تمام 18 اضلاع اور مختلف یونٹس سے موصول ہونے والے آر ٹی آئی جوابات سے معلوم ہوا کہ صرف چند پولیس تھانوں میں ہی سینیٹری پیڈ وینڈنگ مشینیں موجود ہیں، جبکہ فورس میں ہزاروں خواتین اہلکار خدمات انجام دے رہی ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آر ٹی آئی کے جوابات سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ ان سہولتوں کے لیے نہ کوئی مخصوص بجٹ مختص ہے، نہ کوئی پالیسی، سرکلر، معیاری طریقۂ کار (SOP) یا ادارہ جاتی نظام موجود ہے۔ عرضی میں کہا گیا کہ خواتین پولیس اہلکار اکثر طویل عرصے تک امن و امان، تفتیش، ہنگامی حالات اور فیلڈ ڈیوٹی انجام دیتی ہیں، جس کے باعث ان کے لیے ڈیوٹی چھوڑ کر ضروری اشیاء خریدنا ممکن نہیں ہوتا۔
اس صورتحال سے ان کی صحت، وقار، رازداری اور محفوظ کام کے ماحول پر منفی اثر پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ، پولیس تھانوں میں آنے والی خواتین شکایت کنندگان، متاثرین اور گواہ بھی مناسب سہولتوں کی عدم دستیابی سے متاثر ہوتی ہیں۔ درخواست میں آئین کے آرٹیکل 14، 21، 42 اور 47 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریاست خواتین ملازمین کے لیے انسانی کام کے حالات اور ان کی صحت و وقار کے تحفظ کی پابند ہے۔
عرضی میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ وزارتِ داخلہ نے سی آر پی ایف کی خواتین اہلکاروں کے لیے سینیٹری پیڈ مشینوں اور انسینیریٹرز کی تنصیب کے لیے فنڈ مختص کیے ہیں، جبکہ ممبئی پولیس کے 'اسمارٹ میترین' منصوبے اور لداخ پولیس کی پہل بھی اس بات کی مثال ہیں کہ ایسی سہولتیں دہلی پولیس میں بھی فراہم کی جا سکتی ہیں۔
عرضی میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہلی پولیس کے تمام تھانوں میں مقررہ مدت کے اندر سینیٹری پیڈ وینڈنگ مشینیں اور انسینیریٹرز نصب کیے جائیں، خواتین اہلکاروں کے لیے علیحدہ اور صاف ستھرے واش رومز فراہم کیے جائیں، اس مقصد کے لیے الگ بجٹ مختص کیا جائے، سہولتوں کی تنصیب اور دیکھ بھال کے لیے معیاری طریقۂ کار وضع کیا جائے اور ان کی مسلسل فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک مؤثر ادارہ جاتی نظام قائم کیا جائے۔