اپوزیشن نے لوک سبھا میں وقف رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-12-2025
اپوزیشن نے لوک سبھا میں وقف رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا
اپوزیشن نے لوک سبھا میں وقف رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
جمعرات کو لوک سبھا میں اپوزیشن کے کئی اراکینِ پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’امید‘ پورٹل پر وقف جائدادوں کی رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کی جائے کیونکہ اب بھی بڑی تعداد میں جائدادوں کا اندراج نہیں ہو سکا ہے اور لوگوں کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔
مرکز نے ملک بھر کی تمام وقف جائدادوں کی جیو ٹیگنگ کے بعد ایک ڈیجیٹل فہرست تیار کرنے کے مقصد سے 6 جون کو ’امید‘  مرکزی پورٹل کا آغاز کیا تھا۔ اس کے مطابق پورے ملک کی تمام رجسٹرڈ وقف جائدادوں کی تفصیلات 6 ماہ کے اندر اندر پورٹل پر اپلوڈ کرنا لازمی ہے۔
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ عمران مسعود اور ترنمول کانگریس کی سجدہ احمد نے وقفۂ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا۔ عمران مسعود نے کہا کہ اگر مدت میں توسیع نہیں کی گئی تو ہزاروں وقف جائدادوں پر تنازع کھڑا ہو سکتا ہے۔
سجدہ احمد نے کہا کہ متولیوں کو جائدادوں کے رجسٹریشن میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مدت میں اضافہ کیا جائے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ہزاروں جائدادوں کا اندراج نہیں ہو پائے گا۔ مسعود نے مزید کہا کہ ’امید‘ پورٹل میں تکنیکی خرابیاں ہیں، پورٹل کھل نہیں پاتا، اور اس وجہ سے ملک بھر کے مسلمان پریشان ہیں۔
انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وقف جائدادوں کو پورٹل پر  اپلوڈ کرنے کی آخری تاریخ بڑھائی جائے۔