اپوزیشن بحث سے بھاگ رہی ہے: ریجیجو

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 23-07-2026
اپوزیشن بحث سے بھاگ رہی ہے: ریجیجو
اپوزیشن بحث سے بھاگ رہی ہے: ریجیجو

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن ریجیجو نے جمعرات کو اپوزیشن پر الزام لگایا کہ وہ نیٹ (NEET) پرچہ لیک معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث سے فرار اختیار کر رہی ہے، حالانکہ پہلے اس پر اتفاق کیا گیا تھا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریجیجو نے کہا کہ انہوں نے مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے بات چیت کی تھی اور سب نے بحث کے لیے راستہ نکالنے پر آمادگی ظاہر کی تھی، لیکن بعد میں اپوزیشن نے نئی شرائط عائد کرنا شروع کر دیں اور مختلف بہانے بنانے لگی۔

انہوں نے کہا، ’’ہم چاہتے تھے کہ آج نیٹ پرچہ لیک پر بحث شروع ہو، مگر وقت گزرنے کے ساتھ اپوزیشن نے شرائط رکھنا شروع کر دیں۔ اس کے باوجود ہمیں امید تھی کہ کانگریس اور دیگر جماعتوں سے بات چیت کے ذریعے کوئی حل نکل آئے گا، خاص طور پر اس کے بعد جب وزیر اعظم نے آج واضح کیا کہ طلبہ اور نوجوانوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔‘

‘ ریجیجو نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں پرچہ لیک پر بحث ہوتی ہے تو اس میں صرف مرکزی اداروں کے نہیں بلکہ تمام ریاستوں میں پیش آنے والے ایسے واقعات کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق حکومت ایوان اور ملک کو یہ بتانا چاہتی ہے کہ نیٹ پرچہ لیک کے بعد دوبارہ امتحانات، بروقت نتائج اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کون سے اقدامات کیے گئے ہیں۔

ادھر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے بھی حکومت کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے لیے بہترین وکلا کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ انہیں کڑی سزا مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو بہترین تعلیمی اداروں میں بھیجنا چاہتے ہیں، لیکن کچھ لوگ اپنی ناکامی کا الزام پرچہ لیک پر ڈال دیتے ہیں۔

ان کے مطابق ڈاکٹر، انجینئر یا آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسر بننے کے لیے تعلیم کے راستے سے ہی گزرنا ہوگا۔ اس دوران پارلیمنٹ کے احاطے میں مکر دوار کے قریب این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ آمنے سامنے آ گئے۔ اپوزیشن ارکان نیٹ پرچہ لیک معاملے پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جبکہ این ڈی اے کے ارکان نے اپوزیشن پر بحث میں رکاوٹ ڈالنے اور غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا۔

کشیدگی اس وقت بڑھی جب سی پی آئی (ایم) کے رکن پارلیمنٹ جان برٹاس کو بی جے پی رہنما ارون سنگھ کے ہاتھ سے ایک پوسٹر کھینچتے ہوئے دیکھا گیا۔ صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ کی سکیورٹی ٹیم نے دونوں گروپوں کے درمیان انسانی زنجیر بنا دی، جبکہ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا اور بی جے پی رہنماؤں کے درمیان نعرے بازی بھی ہوئی۔

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سمبت پاترا نے الزام لگایا کہ کانگریس بحث سے بچ رہی ہے، حالانکہ گزشتہ تین روز سے پارٹی کے سینئر رہنما طلبہ تنظیموں اور سماجی کارکن سونم وانگچک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلی مرتبہ جاری احتجاج پر باضابطہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل سب سے اہم ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پرچہ لیک کے مقدمات کے فوری فیصلوں کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو فوری برطرف کرنے اور طلبہ سے سرکاری معافی کا مطالبہ کیا۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ حکومت نے تعلیمی نظام کو تباہ ہونے دیا اور ذمہ دار افراد کا تحفظ کیا۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے بھی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پارلیمنٹ میں آکر براہ راست بحث کرنی چاہیے تھی، جبکہ سوشل میڈیا پر بیان جاری کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ طلبہ کے احتجاج سے دباؤ میں ہیں۔

ادھر دہلی کے ٹالسٹائے مارگ اور جن پتھ پر طلبہ کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، جہاں مظاہرین مسابقتی امتحانات میں پرچہ لیک کے واقعات پر نظام میں اصلاحات اور جوابدہی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں اس تنازعے کے برقرار رہنے کے باعث جمعہ کو بھی شدید ہنگامہ آرائی اور گرما گرم بحث کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔