آپریشن سیندور سے مسلح افواج نے دنیا کے سامنے ہندوستان کے عزم کا مظاہرہ کیا: رادھا کرشنن

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-01-2026
آپریشن سیندور سے مسلح افواج نے دنیا کے سامنے ہندوستان کے عزم کا مظاہرہ کیا: رادھا کرشنن
آپریشن سیندور سے مسلح افواج نے دنیا کے سامنے ہندوستان کے عزم کا مظاہرہ کیا: رادھا کرشنن

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
نائب صدر سی۔پی۔ رادھا کرشنن نے پیر کو کہا کہ مسلح افواج نے گزشتہ برس ’آپریشن سندور‘ کے ذریعے ہندوستان کو فخر سے سر بلند کیا۔ دہلی چھاؤنی میں نیشنل کیڈیٹ کور (این سی سی) کے یومِ جمہوریہ کیمپ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے رادھا کرشنن نے کہا کہ افواج نے فوجی کارروائی کو کامیابی کے ساتھ انجام دے کر دنیا کے سامنے ملک کے عزم اور مضبوط ارادے کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اس مہم کے دوران این سی سی کے “قابلِ ستائش تعاون” کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران این سی سی نے شاندار کردار ادا کیا، جب تقریباً 72 ہزار این سی سی کیڈٹس نے شہری دفاع کے اقدامات کے لیے رضاکارانہ خدمات انجام دے کر ‘این سی سی یودھا’ کا کردار نبھایا۔ عہدیداروں کے مطابق، ان کیڈٹس نے ہنگامی مشقوں، خون عطیہ کرنے کے کیمپوں اور شہری دفاع سے متعلق دیگر سرگرمیوں میں مدد فراہم کی۔
ہندوستانی مسلح افواج نے 7 مئی 2025 کی صبح آپریشن سندور انجام دیا تھا، جس میں پہلگام دہشت گرد حملے کے جواب میں کم از کم 100 دہشت گرد مارے گئے۔ پہلگام دہشت گرد حملے میں 26 بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
نائب صدر نے کہا کہ گزشتہ برس ہماری مسلح افواج نے آپریشن سندور کو کامیابی سے انجام دے کر دنیا میں ہندوستان کے پختہ عزم کا مظاہرہ کیا اور ملک کو فخر کا احساس دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن سندور، ہندوستانی مسلح افواج کی قوم کے وقار، خودمختاری اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل وابستگی کی ایک طاقتور علامت تھا۔ نائب صدر رادھا کرشنن نے پیر کو این سی سی کے یومِ جمہوریہ کیمپ کا باضابطہ افتتاح کیا، جس کا اختتام 28 جنوری کو وزیر اعظم کی ریلی کے ساتھ ہوگا۔
ملک بھر سے مجموعی طور پر 2,406 این سی سی کیڈٹس، جن میں 898 لڑکیاں شامل ہیں، تقریباً ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کیڈٹس کو “صرف یومِ جمہوریہ کیمپ میں شرکت کرنے والے نہیں بلکہ ایک نئے ہندوستان کے سفیر” قرار دیا، جو 2047 تک ایک ‘خود کفیل’ اور مضبوط، ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
نائب صدر نے کہا کہ آپ میں سے ہر ایک میں مجھے ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی مضبوط بنیاد نظر آتی ہے، ایک ترقی یافتہ، جامع اور خوداعتماد ملک کی بنیاد نظر آتی ہے۔