نئی دہلی
ڈیجیٹل گرفتاری (ڈیجیٹل اریسٹ) کے نام پر ہونے والی آن لائن دھوکہ دہی کے نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آپریشن چکر-6 کے تحت 60 خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور 16 ریاستوں میں 80 سے زائد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔یہ کارروائیاں پنجاب، گجرات، دہلی، مہاراشٹر، ہریانہ، تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، آسام، مغربی بنگال، منی پور، کرناٹک اور اوڈیشہ میں انجام دی گئیں۔
سی بی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ چھاپے ایک جاری تحقیقات کے تحت مارے گئے، جس کا مقصد ڈیجیٹل گرفتاری کے نام پر ہونے والی 200 سے زائد دھوکہ دہی کی وارداتوں میں ملوث منظم نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا۔بیان کے مطابق چنئی اور کولکتہ سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن پر شیل کمپنیوں کے قیام اور جعلی یا کرائے کے بینک اکاؤنٹس (میول بینک اکاؤنٹس) کھولنے اور چلانے کا الزام ہے۔
تحقیقات کے مطابق ان بینک اکاؤنٹس کو تقریباً دو کروڑ روپے کی مشتبہ مجرمانہ رقم کو سفید کرنے (منی لانڈرنگ) کے لیے استعمال کیا گیا۔سی بی آئی نے حال ہی میں ایک جعلی ویب سائٹ کا بھی سراغ لگایا، جس کا یو آر ایل سپریم کورٹ آف ہندوستان کی سرکاری ویب سائٹ سے انتہائی مشابہت رکھتا تھا۔الزام ہے کہ جعلسازوں نے اس جعلی ڈومین کا استعمال لوگوں کو ڈیجیٹل گرفتاری کے نام پر دھوکہ دینے کے لیے کیا۔سپریم کورٹ آف ہندوستان کے رجسٹری دفتر سے موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔
جدید فرانزک ٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے سی بی آئی نے اس مجرمانہ نیٹ ورک کے کئی اہم پہلوؤں کی نشاندہی کی، جو نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرونِ ملک بھی سرگرم تھا۔تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزمان اپنی جعلسازی کو معتبر ظاہر کرنے کے لیے جعلی اور من گھڑت دستاویزات اپ لوڈ کرتے تھے، جن میں عدالتوں اور مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نام سے تیار کیے گئے فرضی احکامات بھی شامل تھے۔چھاپوں کے دوران متعدد اہم دستاویزات، ڈیجیٹل آلات، موبائل فونز اور بینک لین دین سے متعلق ریکارڈ ضبط کیا گیا۔
سی بی آئی کے مطابق ان تمام مواد کا تفصیلی فرانزک معائنہ اور تجزیہ کیا جا رہا ہے۔تحقیقات میں ایسے شواہد بھی ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نیٹ ورک نے صرف ہندوستانی شہریوں ہی نہیں بلکہ کئی دیگر ممالک کے شہریوں کو بھی اپنا نشانہ بنایا ہو سکتا ہے۔سی بی آئی نے کہا کہ متعلقہ ممالک کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو مناسب ذرائع کے ذریعے اس بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ادارے کے مطابق کیس کی تحقیقات بدستور جاری ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سی بی آئی سائبر جرائم کے ڈھانچے کو ختم کرنے اور ڈیجیٹل گرفتاری سمیت آن لائن دھوکہ دہی کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے پُرعزم ہے۔