آبنائے ہرمز کو کھولنا ایک خوش آئند قدم: اجیت ڈوبھال

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
آبنائے ہرمز کو کھولنا ایک خوش آئند قدم: اجیت ڈوبھال
آبنائے ہرمز کو کھولنا ایک خوش آئند قدم: اجیت ڈوبھال

 



نئی دہلی
برکس ممالک کے اپنے ہم منصبوں کا منگل کے روز نئی دہلی میں خیرمقدم کرتے ہوئے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا کھلا رہنا ایک نہایت خوش آئند پیش رفت ہے، کیونکہ اس سے توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
اجیت ڈوبھال نے کہا کہ اس اہم بحری گزرگاہ میں آمدورفت کی آزادی کا فائدہ نہ صرف خطے کے ممالک بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کو بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ معاہدہ مؤثر ثابت ہوگا۔ اس سے توانائی کی سلامتی کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کا کھلا رہنا ایک انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس سے سپلائی چین میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور ہوں گی اور کھادوں و کیمیکلز جیسے شعبوں میں قلت کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔اجیت ڈوبھال نے دنیا کے مختلف خطوں میں جاری جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور اس کے مختلف ممالک پر پڑنے والے اثرات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے وقت میں ملاقات کر رہے ہیں جب دنیا شدید ہنگامہ خیزی کے دور سے گزر رہی ہے۔ عالمی برادری جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیزی سے ابھرتی ہوئی تبدیلی لانے والی ٹیکنالوجیز کا سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف خطرات میں ہی اضافہ نہیں ہو رہا بلکہ ان تنازعات کو حل کرنے یا کم کرنے کے لیے موجود ذرائع اور ادارہ جاتی نظام بھی ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔اجیت ڈوبھال نے کہا کہ کثیرالجہتی نظام (ملٹی لیٹرلزم) کمزور پڑ رہا ہے، تاہم موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں برکس کا کردار نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ برکس کا تصور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ایک غیر رسمی گروپ کے طور پر پیش کیا گیا تھا تاکہ ایک زیادہ کثیر قطبی عالمی نظام کی جانب پیش رفت کی جا سکے۔ اس کا مقصد اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور 'گلوبل ساؤتھ' کی آواز کو مضبوط بنانا تھا۔"گلوبل ساؤتھ" سے مراد وہ ممالک ہیں جنہیں عموماً ترقی پذیر، کم ترقی یافتہ یا پسماندہ ممالک کہا جاتا ہے، اور جو زیادہ تر افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکہ میں واقع ہیں۔
اجیت ڈوبھال نے کہا کہ برکس نے عالمی طرز حکمرانی میں اصلاحات اور بین الاقوامی اداروں کی بہتری کے تصور کو بھی فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برکس ممالک کا اتحاد ایک منفرد شراکت داری ہے جو امن، ترقی، خوشحالی اور باہمی تعاون پر یقین رکھتی ہے۔