ایران کے 10 نکاتی ایجنڈے میں سے ایک چیٹ جی پی ٹی پر لکھا گیا: امریکی نائب صدر وینس

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-04-2026
ایران کے 10 نکاتی ایجنڈے میں سے ایک چیٹ جی پی ٹی پر لکھا گیا: امریکی نائب صدر وینس
ایران کے 10 نکاتی ایجنڈے میں سے ایک چیٹ جی پی ٹی پر لکھا گیا: امریکی نائب صدر وینس

 



نئی دہلی
حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد ایران نے بدھ کے روز آبنائے ہرمز کو ایک بار پھر بند کر دیا۔ ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے 10 شرائط پیش کی ہیں۔ اس معاملے پر پہلی بات چیت اسلام آباد میں ہونے کی امید ہے۔ اس دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے قبل تین مختلف جنگ بندی ایجنڈے پیش کیے، جن میں سے ایک چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے لکھا گیا تھا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے پہلے ایران کی جانب سے تین مختلف 10 نکاتی ایجنڈے بھیجے گئے تھے۔ وینس کے مطابق ان میں سے پہلا ایجنڈا چیٹ جی پی ٹی سے لکھوایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی طرف سے پیش کیے گئے تین مختلف منصوبوں کی وجہ سے یہ الجھن پیدا ہو گئی ہے کہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کی بنیاد کون سا منصوبہ بنے گا۔
ایران نے پیش کیا 10 نکاتی منصوبہ
رپورٹ کے مطابق، وینس نے کہا کہ پہلا 10 نکاتی منصوبہ پیش کیا گیا تھا اور ہمیں لگتا ہے کہ اسے شاید چیٹ جی پی ٹی سے لکھا گیا تھا۔ اسے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے سامنے پیش کیا گیا، جسے فوراً مسترد کر دیا گیا اور ردّی میں پھینک دیا گیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر نظر آنے والا تیسرا ایجنڈا پہلے سے بھی زیادہ انتہا پسندانہ ہے۔ ان کے مطابق ، پہلا منصوبہ ایران کے کسی ناتجربہ کار فرد کی طرف سے جاری کیا گیا تھا۔
وینس نے ایران سے اپیل کی کہ وہ جنگ بندی کو ٹوٹنے نہ دے
دوسری جانب، وینس نے بدھ کے روز ایران سے اپیل کی کہ وہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے نازک جنگ بندی معاہدے کو ٹوٹنے نہ دے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جب ایران کے صدر نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی مشرق وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے کی ایک اہم شرط ہے، تو وینس نے کہا کہ شاید کوئی غلط فہمی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ایرانیوں کو لگا تھا کہ جنگ بندی میں لبنان بھی شامل ہے، جبکہ ایسا بالکل نہیں تھا۔ ہم نے کبھی ایسا وعدہ نہیں کیا تھا۔
اسلام آباد میں ہوگی ایران-امریکہ بات چیت
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکہ اور ایران دونوں کے وفود کو 10 اپریل کو اسلام آباد مدعو کیا ہے تاکہ تنازعات کے حل کے لیے مزید بات چیت کی جا سکے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ’ایکس‘ پر کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور وزیر اعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کو ناکام بنانے کی کوششوں کے باوجود، ایرانی وفد آج رات اسلام آباد پہنچ رہا ہے اور ایران کے 10 نکاتی منصوبے کی بنیاد پر سنجیدہ مذاکرات کرے گا۔
امریکی وفد کے بھی اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے، تاہم ان کی آمد کا وقت ابھی ظاہر نہیں کیا گیا۔ بات چیت کے لیے صرف جمعہ کا دن مقرر کیا گیا ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس امریکی وفد کی قیادت کریں گے۔
جنگ بندی کے لیے ایران کی 10 شرائط
ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے 10 شرائط رکھی ہیں، جن میں شامل ہیں: آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول برقرار رہے، ایران کو یورینیم افزودگی کا حق حاصل ہو، امریکہ ایران پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے، اقوام متحدہ ایران کے خلاف اپنی قراردادیں واپس لے، ثانوی پابندیوں سے ایران کو آزاد کیا جائے، جنگ میں ہونے والے نقصانات کی تلافی کی جائے، امریکہ اپنے تمام فوجی اس خطے سے واپس بلائے، اور لبنان سمیت دیگر محاذوں پر فوری حملے روکے جائیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایران کی جانب سے پیش کیے گئے دو ہفتوں کے جنگ بندی معاہدے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ تہران نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کے 10 نکاتی منصوبے کو قبول کر لیا ہے اور جنگ کے باعث ہونے والے نقصانات کی تلافی پر بھی اتفاق کیا ہے۔