ون نیشن ، ون الیکشن معیشت اور حکمرانی کے لیے ضروری ہے: بی جے پی کے پی پی چودھری

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-05-2026
ون نیشن ، ون الیکشن معیشت اور حکمرانی کے لیے ضروری ہے: بی جے پی کے پی پی چودھری
ون نیشن ، ون الیکشن معیشت اور حکمرانی کے لیے ضروری ہے: بی جے پی کے پی پی چودھری

 



گاندھی نگر
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور "ایک ملک، ایک انتخاب" کے موضوع پر قائم مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین پی پی چودھری نے جمعہ کے روز اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانی میں رکاوٹوں کو کم کرنے اور ملک کو بڑے معاشی نقصان سے بچانے کے لیے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانا ضروری ہے۔
گاندھی نگر اور احمد آباد میں گزشتہ تین دنوں کے دوران مجوزہ انتخابی اصلاحات پر ہونے والی میٹنگوں کے حوالے سے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی چودھری نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا بیک وقت انتخابات کرانے کا وژن "وکست ہندوستان" کے ہدف سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاندھی نگر اور احمد آباد میں گزشتہ تین دنوں کے دوران ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کے حوالے سے متعدد اجلاس منعقد ہوئے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کرانے کا وژن ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے مقصد سے وابستہ ہے۔چودھری نے کہا کہ بار بار انتخابات کے انعقاد سے تعلیم، صحت، انتظامی امور اور صنعتی پیداوار سمیت کئی شعبے متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ بچوں کی تعلیم بلا تعطل جاری رہے، طبی اور صحت کے نظام میں کوئی خلل نہ آئے، پیداوار متاثر نہ ہو اور حکمرانی کے عمل میں بھی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔معاشی پہلو پر زور دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک ساتھ انتخابات کرانے سے ملک کی معیشت کے 7 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی بچت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 1967 تک ملک میں بیک وقت انتخابات کا نظام معمول کی بات تھی۔ان کے مطابق، ابتدائی 20 برسوں تک یہی روایت برقرار رہی اور 1967 تک چار عام انتخابات ایک ساتھ منعقد ہوئے تھے۔ کانگریس کے دورِ حکومت میں 1967-68 کے دوران سات ریاستی اسمبلیاں اپنی مدت مکمل ہونے سے پہلے ہی تحلیل کر دی گئی تھیں۔ بعد میں صدر راج، ایمرجنسی اور اسمبلیوں کی مدت میں توسیع جیسے عوامل کے باعث لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات الگ الگ ہونے لگے۔
بی جے پی رہنما نے بتایا کہ کمیٹی نے مختلف متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی، جن میں سرکاری شعبے کے ادارے، بیوروکریٹس، وزراء، بینک، سول سوسائٹی کے نمائندے اور قانونی ماہرین شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام فریقوں نے بار بار انتخابات کے انعقاد سے پیدا ہونے والے معاشی اور انتظامی بوجھ کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
پی پی چودھری نے مزید کہا کہ معاشی نقصان اور حکمرانی کے نظام پر پڑنے والا منفی اثر بہت زیادہ ہے، اور اسی لیے آج ملک کو اس انتخابی اصلاح کی اشد ضرورت ہے۔