سری نگر
جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز ڈل جھیل کے کنارے واقع ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ باغ کو سیاحوں کے لیے کھول دیا اور امید ظاہر کی کہ سیاحت کا شعبہ گزشتہ سال کے نقصانات سے ابھر کر دوبارہ ترقی کرے گا۔
سرکاری اہلکاروں کے مطابق عمر عبداللہ کے ساتھ ان کی کابینہ کے ساتھی اور نیشنل کانفرنس کے اراکینِ اسمبلی بھی چشمہ شاہی روڈ پر واقع اندرا گاندھی میموریل ٹیولپ گارڈن پہنچے۔
عمر عبداللہ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا كہ یہ سیاحت کی صنعت سے وابستہ افراد کے لیے ایک نئی شروعات ہوگی۔ انہیں ایک بہت مشکل دور سے گزرنا پڑا تھا۔ تاہم حالات بدلتے رہتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ صورتحال بہتر ہوگی تاکہ باہر سے لوگ آ کر جموں و کشمیر کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں۔
یہ ٹیولپ باغ گزشتہ سال اپریل میں پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد سیاحوں کے لیے بند کر دیے گئے 44 مقامات میں شامل تھا۔ اس حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سال سکیورٹی آڈٹ کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مختلف متعلقہ فریق اس بات پر کام کر رہے ہیں کہ پھولوں کی کاشت کو ایک تجارتی سرگرمی بنایا جائے تاکہ یہاں اگائے گئے پھول ملک کے دیگر حصوں میں بھی بھیجے جا سکیں۔
انہوں نے کہا كہ زیادہ تر انتظامات ہو چکے ہیں۔ اس وقت قابلِ اعتماد کولڈ چین کا مسئلہ درپیش ہے۔ جب یہ سہولت میسر ہو جائے گی، چاہے ریل کے ذریعے ہو یا ہوائی راستے سے، تو یہ شعبہ تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔
عمر عبداللہ نے یہ بھی کہا کہ ٹیولپ کے بلب مقامی سطح پر تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ انہیں نیدرلینڈز سے درآمد کرنے پر آنے والا خرچ کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس سے زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔سیاحتی مقامات کی سکیورٹی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جو ادارے سکیورٹی کے ذمہ دار ہیں وہ تمام سیاحتی مقامات پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں گے۔
اس سال باغ کو مقررہ وقت سے تقریباً 10 دن پہلے سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا کیونکہ وادی میں درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہا جس کی وجہ سے پھول جلد کھل گئے۔یہ باغ 2008 میں کشمیر کے سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور عام طور پر اسے مارچ کے آخری ہفتے میں کھولا جاتا ہے۔ تاہم اس سال کشمیر میں کئی دہائیوں کا سب سے گرم فروری ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث ٹیولپ جلد کھل گئے۔
باغ میں اس مرتبہ ٹیولپ کی 70 سے زیادہ اقسام نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔ باغ کو زیادہ خوبصورت بنانے کے لیے محکمۂ فلوریکلچر نے بلب کی کثافت میں اضافہ کیا ہے اور یہاں 18 لاکھ سے زیادہ بلب لگائے گئے ہیں۔
سیاحوں کی توجہ بڑھانے کے لیے ثقافتی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ افتتاح کے پہلے ہی دن اچھی خاصی بھیڑ دیکھنے کو ملی، جہاں بڑی تعداد میں سیاح اور مقامی لوگ باغ کے باضابطہ افتتاح سے پہلے ہی باہر انتظار کرتے نظر آئے۔