نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور ان کی علیحدہ رہنے والی اہلیہ پایل عبداللہ کی شادی ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق باہمی رضامندی سے اس معاملے کو طے کر چکے ہیں۔ جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس الوک آرادھے پر مشتمل بنچ نے عمر عبداللہ کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل کی اس درخواست کا نوٹس لیا کہ آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت شادی ختم کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے، کیونکہ دونوں فریقوں کے درمیان معاملہ طے پا چکا ہے۔
بنچ نے کہا، "ہم اسے اپنے حکم کا حصہ بنائیں گے اور اسی کے مطابق معاملہ نمٹا دیں گے۔" عدالت جلد اس سلسلے میں باضابطہ حکم جاری کرے گی۔ کپل سبل نے عدالت سے کہا، "دونوں نے آزادی کو گلے لگا لیا ہے، تمام معاملات طے ہو چکے ہیں۔ آرٹیکل 142 کے تحت درخواست دائر کی جا چکی ہے، لہٰذا عدالت طلاق کی منظوری دے سکتی ہے۔" اس پر بنچ نے دریافت کیا کہ یہ درخواست کب دائر کی گئی تھی، جس پر بتایا گیا کہ 22 جولائی کو درخواست داخل کی گئی تھی۔ سبل نے مزید کہا، "دیگر تمام مقدمات واپس لے لیے جائیں گے، تمام تفصیلات درخواست میں درج ہیں۔"
سپریم کورٹ عمر عبداللہ کی ان درخواستوں پر سماعت کر رہی تھی جن میں انہوں نے ظالمانہ سلوک (Cruelty) کی بنیاد پر طلاق کی درخواست کی تھی۔ یاد رہے کہ جولائی 2024 میں سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عمر عبداللہ کی درخواست پر پایل عبداللہ سے جواب طلب کیا تھا۔
اس سے قبل 12 دسمبر 2023 کو دہلی ہائی کورٹ نے عمر عبداللہ کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں کوئی قانونی جواز نہیں ہے، اور 2016 میں فیملی کورٹ کی جانب سے طلاق کی درخواست مسترد کیے جانے کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ 30 اگست 2016 کو فیملی کورٹ نے یہ کہتے ہوئے عمر عبداللہ کی درخواست مسترد کر دی تھی کہ وہ ظالمانہ سلوک یا ترکِ ازدواج (Desertion) کے اپنے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
عمر عبداللہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی شادی ناقابلِ اصلاح حد تک ٹوٹ چکی ہے، 2007 سے دونوں کے درمیان ازدواجی تعلقات قائم نہیں رہے، جبکہ یکم ستمبر 1994 کو ہونے والی شادی کے بعد یہ جوڑا 2009 سے علیحدہ رہ رہا ہے۔
درخواست میں یہ بھی الزام لگایا گیا تھا کہ پایل عبداللہ کے غیر معقول رویے کی وجہ سے انہیں ذہنی اذیت اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثنا، اگست 2023 میں دہلی ہائی کورٹ کی ایک رکنی بنچ نے عمر عبداللہ کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنی علیحدہ رہنے والی اہلیہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ بطور عبوری نان و نفقہ ادا کریں، جبکہ اپنے دونوں بیٹوں کی تعلیم کے لیے 60 ہزار روپے ماہانہ فی بیٹا بھی ادا کریں۔ یہ حکم پایل عبداللہ اور ان کے دونوں بیٹوں کی جانب سے 2018 کے نچلی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف دائر درخواستوں پر دیا گیا تھا، جس میں پایل عبداللہ کو 75 ہزار روپے ماہانہ اور دونوں بیٹوں کو بالغ ہونے تک 25،25 ہزار روپے ماہانہ عبوری نان و نفقہ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔