نئی دہلی: اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے وکرم-1 راکٹ کی کامیاب لانچ کو ہندوستان کے خلائی سفر کا ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کے سائنس دانوں، انجینئروں اور صنعت کاروں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہے، جنہیں وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت اور خلائی شعبے میں اصلاحات سے تقویت ملی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وکرم-1 ہندوستان کا پہلا نجی طور پر تیار کردہ مداری (Orbital) لانچ وہیکل ہے، جس کی کامیابی ملک کے اختراعی نظام کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس کی پوری ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایل وی-3 کی لانچ کے 46 برس بعد وکرم-1 ہندوستان کی خلائی وراثت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور جدید ٹیکنالوجی، نجی شعبے اور تجارتی خلائی تحقیق کے نئے امکانات روشن کرتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی نئی نسل کو جدت طرازی کی جانب راغب کرے گی اور عالمی خلائی شعبے میں ہندوستان کے مقام کو مزید مضبوط بنائے گی۔ واضح رہے کہ اسکائی روٹ ایرو اسپیس کی وکرم-1 ٹیسٹ فلائٹ-1 کامیابی کے ساتھ مدار میں پہنچ گئی، جو ہندوستان کے پہلے نجی طور پر تیار کردہ مداری راکٹ کی پہلی پرواز تھی۔ "مشن آگمن" کے نام سے انجام دی گئی اس پرواز میں راکٹ نے اپنے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے تقریباً 450 کلومیٹر بلند نچلے زمینی مدار (LEO) میں اپنے پے لوڈز نصب کیے، جس کے ساتھ ہی ہندوستان نجی مداری لانچ صلاحیت رکھنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا
۔ 24 میٹر طویل کاربن کمپوزٹ سے تیار کردہ وکرم-1 راکٹ تین ٹھوس ایندھن والے مراحل اور ایک مائع آربیٹل ایڈجسٹمنٹ ماڈیول (OAM) سے لیس ہے، جو 450 کلومیٹر کے مدار میں 350 کلوگرام تک پے لوڈ پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پہلی پرواز میں متعدد پے لوڈز بھیجے گئے، جن میں بنگلورو کی کمپنی کاسموس ڈائمنڈز کا تیار کردہ مصنوعی ہیرا "ڈائمنڈ لوٹس" بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی کا اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک پوسٹ کارڈ بھی خلا میں بھیجا گیا، جس پر "وندے ماترم" تحریر تھا۔ اس کے ساتھ اسکائی روٹ کی ٹیم، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور دنیا بھر کے خیر خواہوں کے ہاتھ سے لکھے گئے پیغامات بھی خلا میں روانہ کیے گئے، جس سے مشن آگمن ایک مشترکہ قومی کامیابی کی علامت بن گیا۔