نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن کانگریس کے سینئر رہنما پون کھیڑا سمیت کئی نو منتخب ارکان نے راجیہ سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے ایوان میں ارکان کو حلف دلایا۔ پون کھیڑا نے کرناٹک کی نمائندگی کرتے ہوئے حلف لیا۔
پون کھیڑا جون 2026 میں ملکارجن کھڑگے (دوبارہ منتخب) اور منصور علی خان کے ساتھ کرناٹک سے بلا مقابلہ راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ بی جے پی کے ایم ناگراج بھی کرناٹک سے بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ حلف برداری کی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے شرکت کی۔ بی جے پی کے ڈاکٹر مکیش بھائی جے رتھوا (گجرات) اور مہیش کیوٹ (مدھیہ پردیش) نے بھی حلف اٹھایا۔
میگھالیہ سے نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے جیمس پانگ سانگ کونگکل سنگما اور مغربی بنگال سے بی جے پی کے پرکاش چک برائک نے بھی راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا۔ دریں اثنا، پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن لوک سبھا کی کارروائی اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کارروائی کے آغاز میں سابق اراکین پارلیمنٹ اور قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیتی کلمات پیش کیے۔ اس کے بعد اپوزیشن ارکان نے نیٹ-یو جی 2026 تنازع اور ایودھیا کے شری رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ میں مبینہ چندہ خرد برد کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کر دی۔
اوم برلا نے ارکان سے بار بار اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھیں اور ایوان کی کارروائی چلنے دیں، لیکن ہنگامہ جاری رہنے پر انہیں کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنا پڑی۔ اجلاس سے قبل کانگریس نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیٹ-یو جی 2026 تنازع اور رام مندر چندہ خرد برد کے مبینہ معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کرے گی۔